پاکستان میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 11 ہوگئی
پاکستان میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 11 ہوگئی اور ملک بھر میں سب سے زیادہ 5 ہلاکتیں پنجاب میں ہوئی ہیں جب کہ ملک میں مصدقہ کیسز کی تعداد 1373 تک جاپہنچی۔
پاکستان میں جمعے کو کورونا وائرس کے مزید 179 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے خیبرپختونخوا میں 57، پنجاب میں 85، سندھ میں 19، گلگت بلتستان میں 16 اور اسلام آباد میں 2 کیسز کی تصدیق ہوئی۔
پاکستان میں اب تک کورونا وائرس سے مجموعی طور پر 11 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جن میں سے پنجاب میں سب سے زیادہ 5 ہلاکتیں ہوئی ہیں جہاں لاہور میں 3، فیصل آباد اور راولپنڈی میں ایک ایک ہلاکت ہوئی جب کہ خیبرپختونخوا میں 3، بلوچستان، سندھ اور گلگت میں ایک ایک ہلاکت ہوچکی ہے۔
جمعہ کے روز پنجاب میں کورونا کے 2 مریض انتقال کرگئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 5 ہوگئی ہے۔ لاہور کے میو ہسپتال میں 73 سالہ بزرگ اور فیصل آباد میں 22 سالہ نوجوان کورونا وائرس سے جاں بحق ہوا۔
سندھ میں جمعے کو کورونا وائرس کے مزید 19 کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں مجموعی طور پر کیسز کی تعداد 440 ہوگئی جس کی تصدیق محکمہ صحت کی جانب سے کی گئی ہے۔
خیبر پختونخوا میں جمعے کو کورونا وائرس کے مزید 57 کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 180 ہوگئی ہے جب کہ صوبے میں اب تک اموات کی تعداد 3 ہے۔ جمعہ کے روز سرکاری پورٹل پر اسلام آباد میں مزید 2 کیسز رپورٹ کیے گئے جس کے بعد وفاقی دارالحکومت میں مجموعی کیسز کی تعداد 27 ہوگئی ہے۔
بلوچستان میں جمعے کو کورونا کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا جس کے بعد صوبے میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 131 ہی ہے۔
گلگت بلتستان میں جمعے کو کورونا کے مزید 16 کیسز سامنے آئے۔ مشیر مشیر اطلاعات گلگت بلتستان کے مطابق گلگت میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 103ہو گئی ہے۔
جمعرات کے روز میرپور آزاد کشمیر ایک اور مریض میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد آزاد کشمیرمیں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 2 ہوگئی ہے۔
پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافے کے بعد چاروں صوبے لاک ڈاؤن کا اعلان کرچکے ہیں جب کہ ملک بھر میں فوج تعینات ہے۔