قومی

پاکستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 796 تک پہنچ گئی

 

ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 796 ہوگئی جب کہ مہلک وائرس سے بچاؤ کے لیے سندھ بھر میں 22 مارچ کی رات 12 بجے سے لاک ڈاؤن ہوگیا۔

اتوار کو  ملک میں کورونا وائرس کے 166 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے پنجاب میں86، سندھ میں 60، گلگت بلتستان میں 16 اور بلوچستان میں 4 نئے کیس سامنے آئے جب کہ خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

نئے کیسز کی تصدیق کے بعد ملک میں مہلک وائرس سے متاثرہ افراد کی کل تعداد 796 ہوگئی ہے جب کہ کراچی میں ایک اور مریض صحتیاب ہوا ہے جس کے بعد وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 6 ہوگئی۔

گزشتہ روز مہلک وائرس سے مزید دو افراد جاں بحق ہوئے جن میں سے ایک خاتون خیبرپختونخوا اور دوسرے مریض کا انتقال گلگت بلتستان میں ہوا، دو افراد کی ہلاکت کے بعد ملک میں جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہوگئی ہے۔

سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 60 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد صوبے میں کل کیسز کی تعداد 352 تک پہنچ چکی ہے۔ پنجاب میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے اور صوبائی حکومت کی ترجمان کے مطابق صوبے میں مریضوں کی مجموعی تعداد 222 ہو گئی ہے۔

محکمہ صحت بلوچستان کے مطابق گزشتہ روز صوبے میں کورونا وائرس کے 4 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد بلوچستان میں کورونا وائرس کے کیسزکی تعداد108 ہوگئی ہے۔

گزشتہ روز خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس کے باعث تیسری ہلاکت ہوئی جس کی تصدیق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات اجمل خان وزیر نے بھی کی۔ مشیر اطلاعات نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ اب تک خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 3 افراد جاں بحو ہوچکے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ صوبے میں مہلک وائرس کے 170 مشتبہ کیس رپورٹ ہوئے ہیں تاہم تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 31 ہوگئی ہے۔ مشیر اطلاعات کہا کہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے جس کی نگرانی وزیراعلیٰ محمود خان خود کر رہے ہیں۔

گزشتہ روز گلگت بلتستان کورونا وائرس کے مزید 16 کیسز سامنے آئے جس کے بعد کل کیسز کی تعداد 71 ہوگئی ہے۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے مشیر اطلاعات شمس میر کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان میں کورونا کےمریضوں کی تعداد 55 سے بڑھ کر 71 ہوگئی ہے۔

گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے ایک مریض (اسامہ ریاض)کا انتقال ہوا ہے جو کہ خود ڈاکٹر تھا اور مسافروں میں کورونا کی اسکریننگ کے دوران وائرس سے متاثر ہوا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 11 ہے جب کہ یہاں ایک مریض صحت یاب بھی ہوچکا ہے۔

آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کا اب تک ایک ہی کیس رپورٹ ہوا ہےجب کہ ریاست میں حکومت نے شہریوں سے احتیاط کرنے کی اپیل کی ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے احکامات کے بعد گزشتہ رات 12 بجے سے صوبے بھر میں لاک ڈاؤن کے نفاذ پر عملدرآمد ہوگیا۔

ویڈیو بیان میں مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے صوبے بھر میں رات 12 بجے سے لاک ڈاؤن ہوگا اور شاپنگ مالز، تعلیمی ادارے اور دیگر مارکیٹس پہلی ہی بند ہیں تاہم اب دیگر دفاتر بھی بند ہوں گے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button