قومی

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 458 تک پہنچ گئی

 

پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 2 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد صوبے بھر میں مریضوں کی تعداد 80 ہوگئی جب کہ پاکستان میں مجموعی تعداد 458 تک جاپہنچی ہے۔

کورونا وائرس پاکستان سمیت دنیا کے 170 سے زائد ملکوں تک پہنچ چکا ہے اور اب تک 10 ہزار سے زائد لوگ اس سے ہلاک ہو چکے ہیں۔ پاکستان میں اب تک کورونا وائرس سے 2 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں اور ان دونوں کا تعلق خیبر پختونخوا سے تھا۔

صوبہ سندھ میں جمعرات کو مزید 37، پنجاب میں 45، بلوچستان میں 58، خیبر پختونخوا میں 4 اور گلگت میں 8 نئے کیسز سامنے آئے تھے۔

محکمہ صحت پنجاب کے مطابق صوبے میں 467 مریضوں کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 357 افراد میں کورونا کی تشخیص نہیں ہوئی جب کہ 80 افراد میں کورونا ٹیسٹ مثبت آیا اور 30 مریضوں کی رپورٹس کے نتائج آنا باقی ہیں۔

محکمہ صحت پنجاب نے بتایا کہ لاہور میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 15 ہے جب کہ راولپنڈی میں بھی کورونا کا پہلا کیس سامنے آگیا ہے۔

سندھ میں گزشتہ روز کورونا وائرس کے مزید 37 کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں مجموعی تعداد 245 ہوگئی ہے۔ ترجمان محکمہ صحت نے بتایا کہ تمام 37 کیسز کراچی میں رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ ایک متاثرہ شخص کے رابطہ میں رہنے والے افراد کے بھی ٹیسٹ کے نتائج مثبت آئے ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ اب تک سکھر میں 151، کراچی میں 93 اور حیدرآباد میں کورونا وائرس کا ایک کیس ہے۔ محکمہ صحت حکام کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 3 ہوگئی ہے۔

سندھ میں سے 19 مارچ سے سرکاری دفاتر کو بند کردیا گیا ہے 18 مارچ سے شاپنگ مالز، ریسٹورنٹس اور تفریحی مقامات کو 15 روز کے لیے بند کردیا گیا۔ بلوچستان میں کورونا وائرس کے جمعرات کو مزید 58 کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 81 ہو گئی ہے۔

ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے کورونا وائرس کے 58 نئے کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں اب تک 81 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔

خیبرپختون خوا میں جمعرات کو مزید 4 کیس رپورٹ ہوئے ہیں جن کے بعد صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 23 ہو گئی ہے۔ کورونا وائرس کے باعث خیبر پختونخوا میں ہونے والی دو ہلاکتوں کے بعد پشاور میں کینال روڈ کی ایک گلی کو قرنطینہ قرار دے دیا گیا ہے جب کہ مردان میں بھی یونین کونسل منگاہ کو لاک ڈاؤن کر کے داخلی و خارجی راستے پر پولیس تعینات کر دی گئی ہے۔

گلگت بلتستان میں جمعرات کو مزید 8 مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد وہاں وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 21 ہوگئی ہے۔

اسلام آباد میں جمعرات کے روز 4 نئے کیس سامنے آئے جس کے بعد وفاقی دارالحکومت میں کورونا کے کیسز کی تعداد 7 ہوگئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر میر پور آزاد کشمیر نے گزشتہ روز ایک شخص کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی۔

ڈی سی میر پور کا کہنا تھا کہ متاثرہ شخص 14 دن قبل ایران سے تفتان آیا تھا، متاثرہ شخص کو 4 دن سے میر پور آئسولیشن وارڈ میں رکھا ہواتھا۔

جمعرات کے روز اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا اور پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

اس موقع پر ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا کہ عوام کو کورونا وائرس کے حوالے سے تازہ ترین اور مصدقہ اطلاعات پہنچانے کیلئے حکومت پاکستان نے سرکاری ویب سائٹ تیار کرلی ہے۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button