وزیراعظم کی ہدایت پر محسن داوڑ اور علی وزیر کو کابل جانے کی اجازت مل گئی
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے ارکان قومی اسمبلی محسن داوڑ اور علی وزیر کو کابل جانے سے روک دیا تاہم وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر دونوں ارکان کو بیرون ملک جانے کی اجازت مل گئی۔
شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان سے منتخب ہونے والے ارکان قومی اسمبلی محسن داوڑ اور علی وزیر کو ایف آئی اے نے اسلام آباد ائیرپورٹ پر کابل جانے سے روک دیا تھا۔ دونوں ارکان اسمبلی کو افغان صدر اشرف غنی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کرنا تھی جس کے لیے انہیں کابل روانہ ہونا تھا۔
ایف آئی اے کے مطابق محسن داوڑ اور علی وزیر کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ہونے کے باعث روکا گیا۔ بعدازاں وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر دونوں ارکان قومی اسمبلی کو جانے کی اجازت دی گئی۔
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے داخلہ و احتساب مرزا شہزاد اکبر نے ٹوئٹ میں بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے محسن داوڑ اور علی وزیر کو کابل جانے کی اجازت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے وزارت داخلہ کو ایک بار کے لیے اجازت دینے کی ہدایت کی ہے اور دونوں ارکان اسمبلی کو افغان صدر اشرف غنی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے سفرکی اجازت دی گئی۔