قومی

وومن ڈے، کہیں ریلیاں اور مارچ تو کہیں پتھر اور ڈنڈے

وفاقی دارالحکومت میں عورت مارچ کے شرکا پر بعض افراد نے پتھراؤ کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے ہونے والے عورت مارچ شرکا کی جانب سے ڈی چوک کی طرف مارچ کا اعلان ہوتے ہی بعض افراد نے پتھرا شروع کردیا اور مارچ میں شریک خواتین پر ڈنڈے بھی برسائے جب کہ عورت مارچ کے شرکا نے بھی جوابی پتھرا کیا۔صورت حال کے پیش نظر پولیس کی اضافی نفری اور واٹر کینن طلب کرلی گئی تاہم پولیس نے تھوڑی دیر کے اندر حالات پر قابو پالیا۔

یوم نسواں کے موقع پر وزیراعظم عمران خان سمیت ملک کی اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت کی جانب سے اپنے پیغامات میں پاکستان میں خواتین کو برابری کے حقوق اور مواقع فراہم کرنے کی کوششوں کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

”ویمن ڈے ”کی مناسبت سے وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آج کے دن کو منانے کا مقصد خواتین کو برابری کی حقوق اور مواقع دینے کی کوششوں کی حوالے سے کیے جانے والے ہمارے عزم کا اعادہ کرنا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اس حوالے سے ہمیں مذہبی تعلیمات، اسو حسنہ اور ہمارے معاشرے کی اقدار کو مد نظر رکھنا ہے، یہ دیکھنا حوصلہ افزا ہے کہ زندگی کے ہر شعبے میں خواتین اپنا حصہ ڈال رہی ہیں اور ملکی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی قابلیت کا لوہا منوایا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ ملک میں خواتین کو مساوی مواقع اور سازگار ماحول فراہم کرکے ہی جامع اور پائیدار سماجی و معاشی ترقی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے، اس دن کی مناسبت سے میں اپنے عہد کی توثیق کرتا ہوں کہ خواتین کو ایک محفوظ اور خوشحال زندگی گزارنے میں مدد فراہم کرنے کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں گے’۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے خواتین کے عالمی دن پر اپنے جاری پیغام میں کہا کہ خواتین کے بغیر زندگی نامکمل اور تصویر کائنات بے رنگ ہے، ماں، بہن، بیٹی اور بیوی کی صورت میں خواتین کی موجودگی سے ہی انسانی رشتے ناطے وجود میں آتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے عورت کو ماں کی صورت اپنے تعارف کا ذریعہ بنایا ہے جس سے بڑا مقام، احترام، تعارف اور عزت اور نہیں ہوسکتی، اسلام نے عورت کو بے پناہ عزت اور حقوق عطا کئے ہیں، ماں کے قدموں کے نیچے جنت رکھ کر اللہ تعالی نے عورت کے مقام اور احترام کو واضح کردیا ہے۔

 

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حضرت محمد ۖ نے خواتین کی عزت و احترام کا ہمیں بہترین نمونہ اور رہنمائی عطا فرمائی ہے جبکہ امہات المومنین، حضرت فاطمہ الزہرا اور اہل بیت اطہار ہمارے لیے رہنمائی کی بہترین مثالیں ہیں، خواتین نے تحریک پاکستان میں نے ناقابل فراموش کردار ادا کیا اور مادرملت محترمہ فاطمہ جناح کے ہمراہ خواتین کا کردار تاریخ میں سنہری حروف سے درج ہے جبکہ الحمداللہ آج ہماری خواتین زندگی کے ہر شعبے میں اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دفاع سے تجارت، تعلیم و طب سے لے کر سائنس و ٹیکنالوجی اور صحافت تک ہر شعبے میں خواتین اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں جبکہ عورت کی تعلیم، اچھی صحت اور معاشی طور پر بااختیار ہونا کسی بھی معاشرے کی ترقی و خوشحالی کی ضمانت ہے۔

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے عالمی یوم خواتین کے حوالے سے اپنے بیان میں خواتین کو خراج تحسین پیش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید نے کہا کہ پاکستان کی تمام خواتین کو ہم خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نیہمارے معاشرے کے ہر شعبے میں قوم کی تعمیر کے لیے کلیدی کردار ادا کیا، ہماری بہادر مائیں، بہنیں، بیٹیاں اور خاص کر ہمارے شہدا کے خاندانوں اور مسلح افواج میں خدمات انجام دینے والی خواتین ہماری قوم کا فخر ہیں۔

دوسری جانب خواتین کے عالمی دن کے موقع پر قومی اسمبلی کے اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر نے اپنے جاری پیغام میں کہا کہ ترقی پسند معاشرے کی تشکیل کے لیے خواتین کو قومی دھارے میں لانا ناگزیر ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے خواتین کی بے حرمتی اور ان پر جبر و تشدد روز مرہ کا معمول بن چکا ہے جہاں گزشتہ 117 دنوں سے جاری لاک ڈان جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاک ڈان کی وجہ سے مقبوضہ وادی میں خواتین ضعیف، بچے اور بیمار افراد کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور ساتھ ہی مطالبہ کیا کہ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں خواتین پر ہونے والے مظالم کو بند کرانے کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے، ملک کی آبادی کا ایک بڑا حصہ خواتین پر مشتمل ہے، خواتین کو ہر شعبے میں یکساں مواقع فراہم کرکے ملک کو تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے، موجودہ حکومت آبادی کے اس بڑے حصے کے حقوق کے تحفظ اور انہیں محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پر عزم ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے شعبہ خواتین کی مرکزی صدر اور سابق صدر آصف علی زرداری کی بہن فریال تالپور نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ صنفی امتیاز کے خاتمے اور خواتین کی شرکت کے بغیر دنیا کو ترقی کی بلندی ملنا ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کو پیچھے رکھنا کوئی نظریہ نہیں بلکہ استحصال ہے، پاکستان میں ہر جگہ خواتین کی شراکت کے لیے جدوجہد اور انقلابی اقدام اٹھانا پیپلز پارٹی کی پہچان ہے، شہید بھٹو کا پیش کردہ قوم کا متفقہ آئین خواتین کو مساوی حیثیت دیتا ہے، آج ملک میں ہر سطح پر خواتین کا بڑھتا ہوا کردار محترمہ شہید کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کا ثمر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گھریلو تشدد، کم سنی میں شادی اور غیرت کے نام پر قتل جیسے جرائم کی روک تھام کے لیے اقدامات پیپلز پارٹی کا طرہ امتیاز ہیں، سابق صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے ویمن مارچ کی دوٹوک حمایت خواتین کے لیے باعث حوصلہ ہے، آج عہد کریں، ہم پاکستان میں ہر سطح پر خواتین کی جامع شرکت کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔

مرکزی ترجمان پی پی پی سنیٹر مولابخش چانڈیو نے اپنے پیغام میں کہا کہ خواتین کو حقوق دیے بنا کوئی معاشرہ ترقی کر ہی نہیں سکتا، پاکستان کی خواتین بہادر ہیں، انہیں حقوق کی جدوجہد سے کوئی طاقت نہیں روک سکتی، ہمیں فخر ہے کہ پاکستان کی جمہوری تحریکوں کی قیادت خواتین نے کی، بینظیر بھٹو نے مسلم دنیا کی پہلی وزیراعظم بن کر خواتین کے حقوق کی راہ متعین کر دی تھی، پاکستان کی ہر بیٹی بینظیر ہے وہ آگے بڑھ کر اعلی ترین عہدے تک پہنچ سکتی ہیں۔

پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے پیغام میں کہا کہ پی پی پی کی طرف سے تمام خواتیں کو عالمی دن مبارک ہو، ہم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے چیئرمیں بلاول بھٹو زرداری واحد لیڈر ہیں جو خواتین کے حقوق کے لیے ڈٹ کر کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے مطابق دنیا کے کسی ملک میں بھی عورتوں کو برابری کی بنیاد پر حقوق نہیں ملے ہیں اسی طرح ہمارے ملک میں خواتین دیگر ممالک سے بنیادی حقوق کے حوالے سے بہت پیچھے ہیں، خواتین کو بنیادی حقوق دیکر ان کی حفاظت کرنی چاہیے۔

نفیسہ شاہ کا کہنا تھا کہ نام نہاد رہنما آج عورت کی آواز کو دبا رہے ہیں جو افسوس ناک عمل ہے انتہا پسند سوچ کے مالک پروپیگنڈا کرکے عورت کے حوصلے کو پست کرنا چاہتے ہیں جو ہم کبھی نہیں کرنے دیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ آج سلیکٹڈ حکومت خواتین کے مارچ کی مخالفت کررہی ہے، آج اگر عورتیں سیمینار، مارچ اور اس دن کو منارہی ہیں تو اس میں کون سی غلط بات ہے ہمیں ہرسطح پر ہمت افزائی کرنی چاہیے۔

 

عالمی یوم نسواں کے موقع پر حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ ملک و سماج میں خواتین کے کردار کے تہہ دل سے معترف اور انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں، قومی سطح تک ہماری خواتین مرکزی کردار و حیثیت کی حامل ہیں، تحریک پاکستان سے تعمیر پاکستان تک، قومی تاریخ کے ہر مرحلے میں ہماری خواتین نے بے مثال خدمات سرانجام دیں۔

چیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی 24 سالہ سیاسی جدوجہد میں بھی خواتین ہراول دستے کے طور پر پیش پیش رہیں۔

سیف اللہ خان نیازی کا کہنا تھا کہ خواتین کو ان کے حقیقی مقام پر فائز کرنے کے لیے سماجی سطح پر اقدامات کو ناگزیر سمجھتے ہیں جبکہ خواتین کی بہترین فلاح و بہبود اور انہیں ان کے حقیقی مقام پر فائز کرنا ہمارے منشور کا کلیدی جزو ہے۔

دوسری جانب بنوں میں عالمی مجلس تحفظ نبوت کے زیر اہتمام جبکہ اسلام آباد میں بھی عورت مارچ کے مقابلے میں حیاء مارچ کا انعقاد کیا گیا۔

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ زمانہ جاہلیت میں بیٹیوں کو پیدا ہوتے ہی زندہ دفن کیا جاتا تھا لیکن اسلام نے انہیں زندگی دی اور پردہ پہنایا آج مغرب کی ایماء پر کچھ خواتین نے عورتوں کے حقوق کے نام پر انتہائی خطرناک نعرہ لگایا ہے جس کے ذریعے باپردہ خواتین کو یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ وہ گھروں میں قید ہیں اور آزاد نہیں، حالانکہ اسلام اور حکومت پاکستان نے عورتوں کو مکمل حقوق دیئے ہیں اسلام اور پاکستان مخالف قوتیں پاکستان کو غیر مستحکم کرنے اور اسلام کو بدنام کرنے کی سازشیں کررہی ہیں جسے ہم کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے کیونکہ یہ جسم بھی اللہ کا ہے اور مرضی بھی اللہ کی ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ میرا جسم میری مرضی تباہی وبربادی کا نعرہ ہے اور ہم کسی کو بھی مادر پدر آزادی کی اجازت نہیں دیں گے ۔حیاء مارچ کے ذریعے ہم ان روشن خیال خواتین اور مغربی ممالک کے ایجنٹوں کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ یہ ملک اسلام کے نام پر بنا ہے اور یہاں کسی کی مرضی نہیں چلے گی بلکہ اسلام کے دائرے میں رہنا ہوگا۔ ہیوی ٹرانسپورٹ یونین کے صدر ملک نیک دراز خان نے اعلان کیا کہ جس نے بھی فحاشی پھیلانے کا اعلان کیا ہے ہم ان کے سر کی قیمت 10 لاکھ روپے لگاتے ہیں۔

مقررین کے مطابق خواتین مارچ میں بے حیائی ہے مارچ ملک میں بے حیائی پھیلا رہا ہے یہی مارچ کسی صورت بھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے یہ کیسا مارچ ہے کہ تیس خواتین اکھٹی ہوئی ہیں اور ملک میں بے حیائی کی فضاء بحال کرنے کی کوشش کررہی ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ پختون قوم اسلام پسند خواتین مارچ کے خلاف ہے اور پختون قوم اس کو منہ توڑ جواب دے گی جتنی عزت خواتین کو اسلام میں مل رہی ہے اس کی مثال نہیں ملتی ہے مارچ کرنے والی خواتین کامیاب نہیں ہوسکتی ہیں اس مارچ کو غیر ملکی فنڈنگ مل رہی ہے اُنہوں نے الزام لگایا کہ مارچ کرنے والی خواتین کا اسلام کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے ہمارا جسم کل بھی اللہ کا تھا اور آج بھی اللہ کا ہے ۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button