کراچی اور اسلام آباد میں کورونا کے 2 نئے کیسز سامنے آگئے، تعداد 4 ہو گئی
کراچی اور اسلام آباد میں کورونا کے 2 نئے کیسز سامنے آگئے ہیں جس کے بعد ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہو گئی۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے پریس کانفرنس کے دوران ملک میں مزید 2 نئے کیسز کے سامنے آنے کی تصدیق کی ہے۔
واضح رہے کہ 26 فروری کو پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس رپورٹ ہوا تھا، کراچی میں ایران سے واپس آئے 22 سالہ یحییٰ جعفری میں وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔
اسلام آباد میں معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے بتایا کہ ایک کیس سندھ اور ایک اسلام آباد میں رپورٹ ہوا ہے، پہلے رپورٹ ہونے والے مریض تیزی سے صحت یاب ہور ہے ہیں۔
معاون خصوصی نے میڈیا سے درخواست کی کہ وہ مریضوں سے متعلق ان کی ذاتی معلومات نشر کرنے سے گریز کریں اور کہا ‘کورونا وائرس کے حوالے سے کابینہ کا اجلاس 3 گھنٹے جاری رہا تاہم پاکستان میں کورونا وائرس کے حوالے سے کوئی ایمرجنسی نہیں۔’
ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان فضائی رابطے منقطع ہیں، ہر کسی کو ماسک استعمال کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
کورونا مریض کلیئر قرار؟
دوسری جانب کراچی میں 32 افراد کی ٹیسٹ رپورٹ آئی ہے جس کے مطابق کسی میں کورونا وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی جبکہ متاثرہ مریض اور اس کے اہلخانہ کو کلیئر قرار دیدیا جا چکا ہے، کراچی میں متاثرہ نوجوان کے دوستوں، کلاس فیلوز اور اہل خانہ کو ٹیسٹ کے بعد کلیئر قرار دے دیا گیا، تمام کی ٹیسٹ رپورٹ نیگیٹو آگئیں، دو روز میں ڈاو یونیورسٹی ہسپتال میں 32 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے تھے۔ محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ شہری خوفزدہ نہ ہوں، صورتحال قابو میں ہے۔
ماسک کہاں سے لیا؟
ادھر سندھ ہائیکورٹ میں اچانک ماسک کی قلت سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ جسٹس محمد علی مظہر نے کہا ماسک تو مل رہے ہیں، کمرہ عدالت میں بھی بچی نے پہنا ہوا ہے۔ جج نے بچی سے کہا بیٹا آپ نے ماسک کہاں سے لیا ہے۔
بچی نے جواب دیا بہت مشکل سے مارکیٹ سے ملا جس پر کمرہ عدالت قہقہوں سے گونج اٹھا، وکیل نے کہا مشکل گھڑی میں لوٹ مار مچائی جا رہی ہے۔ عدالت نے وفاقی حکومت، کمشنر کراچی اور دیگر کونوٹس جاری کرتے ہوئے 6 مارچ کو جواب داخل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر جدید تھرمل سکینر نصب
کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر جدید تھرمل اسکینر نصب کردیا ہے جو خود کار طریقے سے بخار اور فلو کو چیک کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔