قومی

کورونا وائرس: پاک ایران سرحد دوسرے روز بھی بند

 

ایران میں کورونا وائرس کے کیسز  کے بعد حفاظتی اقدامات کے تحت تفتان میں پاک ایران سرحد پر امیگریشن گیٹ دوسرے روز بھی بند ہیں۔ ایران میں کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد گزشتہ روز بلوچستان حکومت نے ایران سے منسلک سرحدی اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔

حفاظتی اقدامات کے تحت پاکستان سے ایران جانے والے مسافروں کو تفتان سرحد پر روک دیا گیا جب کہ ایران میں موجود پاکستانی زائرین کو فی الحال وہیں ٹھہرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پاکستانی حکام کی جانب سے  تفتان میں پاک ایران سرحد پر امیگریشن گیٹ دوسرے روزبھی بند ہیں جس کی وجہ سے سرحدکے دونوں اطراف لوگوں اورگاڑیوں کی آمدورفت معطل ہے۔ پاک ایران سرحد پر  امیگریشن گیٹ بند ہونے سے سرحد کے دونوں اطراف گاڑیوں کی قطاریں لگ گئی ہیں۔

امیگریشن حکام کا کہنا ہے کہ تفتان میں فی الحال امیگریشن گیٹ بند رکھنے کی ہدایات دی گئی ہیں اور کسی کو تفتان سے ایران اور ایران سے پاکستان جانےکی اجازت نہیں۔

واضح رہےکہ ایران میں کورونا وائرس کے کیسز تیزی سے سامنے آرہے ہیں اور وائرس کے باعث 8 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے۔

دوسری جانب ایرانی نیوز ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے شہر قم میں کورونا وائر س سے ہلاکتوں کی تعداد 50 ہو گئی ہے۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں اب تک 26 سو سے زائد افراد کورونا وائرس کے باعث ہلاک ہو چکے ہیں۔ سب سے زیادہ 2 ہزار 592 ہلاکتیں چین میں رپورٹ ہوئی ہیں جب کہ ایران اور جنوبی کوریا کے علاوہ افغانستان، بحرین اور کویت میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔

تیزی سے پھیلتے ہوئے کورونا وائرس کے باعث پاکستان، ترکی، افغانستان اور ارمینیا نے ایران سے ملحقہ اپنی سرحدیں بند کر دی ہیں۔

 

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button