بین الاقوامی

ملائیشیاء کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے استعفیٰ کیوں دیا؟

 

ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق مہاتیر محمد نے ملک میں سیاسی گرما گرمی اور اتحادی جماعت عوامی انصاف پارٹی کے سربراہ سے اختلافات کے بعد عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا۔

رائٹرز کے مطابق مہاتیر محمد نے اپنا استعفیٰ ملائیشیا کے بادشاہ کو جمع کرادیا ہے۔ عرب میڈیا کا کہنا ہےکہ مہاتیر محمد کی جماعت ملک میں نئی حکومت کی تشکیل کی منصوبہ بندی کررہی ہے اور مہاتیر محمد کا استعفیٰ نئی حکومت کے قیام کی کڑی ہے جس میں انور ابراہیم کو شامل نہیں کیا جائے گا۔

عرب میڈیا کے مطابق 94 سالہ مہاتیر محمد اور 72 سالہ انور ابراہیم کے درمیان اختلافات نے گزشتہ ہفتے شدت اختیار کی جس کے بعد ملائیشین وزیراعظم نے عہدے سے دستبرداری کا اعلان کیا۔

مہاتیر محمد اور انور ابراہیم نے مئی 2018 کے انتخابات میں اتحاد کے ساتھ الیکشن لڑا اور ملک میں 60 سال سے برسرار اقتدار جماعت کا خاتمہ کردیا تاہم مہاتیر محمد اور انور ابراہیم کے درمیان کشیدگی میں گزشتہ ماہ بڑھی جب ملائیشین وزیراعظم نے طے شدہ وقت میں اختیارات انور ابراہیم کو سونپنے سے انکار کردیا۔

94 سالہ مہاتیر محمد اس وقت دنیا کے معمر ترین وزیراعظم تھے۔ ڈاکٹر مہاتیر محمد 10جولائی 1925 کو پید ہوئے۔ مہاتیر محمد کے دادا بھارتی ریاست کیرالہ سے تعلق رکھتے تھے جنہیں برٹش ایسٹ انڈیا کمپنی نے ملائیشیا بھیجا تاکہ وہ وہاں کے باشندوں کو انگلش سکھا سکیں۔

دوسری جنگ عظیم کے دوران جب ملایا پر جاپانیوں کا قبضہ ہو گیا تو انگلش میڈیم سکول بند کروا دیے گئے جس کے باعث مہاتیر محمد کو تعلیم درمیان میں ہی چھوڑنا پڑی اور وہ گھر کو مالی مدد فراہم کرنے کے لیے جوس بیچنے لگے۔

مہاتیر محمد نے جنگ عظیم دوئم کے خاتمے کے بعد دوبارہ اپنی تعلیم شروع کی اور سنگاپور کے کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج سے ایم بی بی ایس کیا۔  1957 میں مہاتیر محمد نے عملی سیاست میں قدم رکھا اور یونائیٹڈ ملایو نیشنل آرگنائزیشن میں شمولیت اختیار کی۔

بابائے ملایشیا تنکو عبدالرحمان سے اختلافات کی وجہ سے مہاتیر محمد کو 1959 میں پارٹی سے نکال دیا گیا۔ ملائیشیا کے دوسرے وزیراعظم عبدالرزاق انھیں دوبارہ پارٹی میں لے آئے اور یہیں سے مہاتیر محمد کی سیاسی کامیابیوں کا سفر شروع ہوا۔

1964 میں پہلی بار پارلیمنٹ کے رکن منتخب ہوئے، 1974 میں ملایشیا کے وزیر تعلیم مقرر ہوئے، 1976 میں نائب وزیر اعظم، 1978 میں وزیر صنعت و تجارت بنے۔ 16 جولائی 1981 کو مہاتیر محمد نے ملائیشیا کے چوتھے وزیراعظم کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔ مہاتیر کی پالیسیوں سے ملایشیا ایک پسماندہ ملک سے ایشن ٹائیگر بن گیا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button