‘فتوے جاری کیے گئے ہیں کہ پولیو کے قطروں سے کوئی نقصان نہیں ہوتا’
مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علما نے اس بات کو دہرایا کہ پولیو ویکسین کے قطرے شریعت سے مطابقت رکھتے ہیں اور عوام سے مطالبہ کیا کہ انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنائیں۔
اس کے ساتھ انہوں نے عوام سے یہ درخواست بھی کی کہ ملک سے پولیو کے خاتمے کے لیے ریاست کے ساتھ تعاون کریں۔
پاکستان علما کونسل (پی یو سی) کے چیئرمین حافظ طاہر اشرفی نے دیگر مذہبی عالموں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان افراد کی مذمت کی جو انسداد پولیو مہم کی مخالفت اور اسے ملک کے خلاف سازش قرار دیتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان علما کونسل، دارالافتا پاکستان، وفاق المساجد، مدارسِ پاکستان اور نمایاں علما و مشائخ نے نہ صرف پولیو کے قطروں کو حلال بلکہ انسانوں کے لیے مفید قرار دیا ہے اور اس سلسلے میں فتوے بھی جاری کیے گئے ہیں کہ پولیو کے قطروں سے کوئی نقصان نہیں ہوتا‘۔
حافظ طاہر اشرفی نے علما اور مذہبی سکالرز سے اپیل کی کہ انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں اور نماز جمعہ کے خطبے میں بھی یہ پیغام دیں۔ ان کا کہنا تھا پاکستان اور افغانستان کے علاوہ دنیا کے تمام ممالک سے پولیو کا خاتمہ ہوچکا ہے۔
چیئرمین پاکستان علما کونسل کا مزید کہنا تھا کہ ’5 سال سے کم عمر بچوں کے والدین اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کے بچوں کو پولیو ویکسین پلائی گئی ہو، ہمیں یہ بات سمجھنے کی ضرورت ہے کہ پوری اسلامی دنیا سے مذہبی سکالرز نے فتوے دیے ہیں کہ پولیو ویکسین میں شریعت کے خلاف کچھ نہیں‘۔
حافظ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ ’میں والدین سے بھی درخواست کرتا ہوں کیوں کہ اگر انہوں نے اپنے 5 سال کی عمر تک کے بچوں کو پولیو کے قطرے نہیں پلائے تو آخر میں ان کے اپنے بچوں کو تکیلف کا سامنا کرنا پڑے گا اور وہ آخرت میں اپنے بچوں کو خطرے میں ڈالنے پر جوابدہ ہوں گے‘۔
واضح رہے رواں برس پاکستان میں اب تک 17 کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ 2019 میں 144 بچوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔