مہنگائی میں کمی لانے کے لیے حکومت کا 15 ارب روپے کا پیکج لانے کا فیصلہ
وزیراعظم عمران خان نے مہنگائی میں کمی کے لیے 15 ارب روپے کا پیکج لانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے حکومت ہر حد تک جائے گی۔
اسلام آباد میں وزیراعظم کی سربراہی میں اجلاس ہوا جس میں حکومتی ترجمان اورپارٹی کے سینیئررہنماؤں نے شرکت کی، اجلاس میں ملک کی سیاسی صورت حال اورمہنگائی سے متعلق معاشی ٹیم کی جانب سے پیش کئے گئے اعداد وشمار پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر ملک میں مہنگائی پرقابو پانے کے لیے اقدامات اورتجاویزپرتفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح ملک کے عوام خصوصاً غریب اورتنخواہ دارطبقہ ہے، حکومت عوام کی تکالیف پر خاموش تماشائی نہیں بن سکتی، عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے حکومت ہر حد تک جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے مہنگائی میں کمی کے لیے 15 ارب روپے کا پیکج لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے تحت عوام کو یوٹیلیٹی سٹورز کے ذریعے گھی، دالیں، چاول اور چینی 25 فیصد تک سستی فراہم کئے جائیں گے۔
دوسری جانب وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا جس میں حکومت ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کنٹرول کرنے سے متعلق اہم فیصلوں کا اعلان کرے گی۔ وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا جس میں 14 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس میں ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا اور کابینہ کو سرمایہ کاری پر بریفنگ دی جائے گی۔
اجلاس میں حج پالیسی 2020 کی منظوری دی جائے گی اور رواں سال حج اخراجات کیا ہوں گے اس کا فیصلہ بھی کابینہ کرے گی، اس دوران زائرین مینجمنٹ پالیسی کابینہ میں پیش ہوگی۔