سندھ اور بلوچستان سے پولیو کے نئے کیسز رپورٹ، 2020ء میں تعداد 3 تک پہنچ گئی
سال 2020 کا دوسرا اور صوبہ سندھ میں رواں برس کا پہلا پولیو کیس سامنے آگیا، ٹنڈو الہ یار کی 7 ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹنڈو الہ یار کی 7 ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جو رواں برس ملک میں دوسرا پولیو کیس ہے، اس سے قبل صوبہ خیبر پختونخواہ میں سال 2020 ء کا پہلا پولیو کیس سامنے آیا تھا۔
پولیو کے حوالے سے سال 2019 بدترین رہا جب ملک بھر میں 136 پولیو کیسز ریکارڈ کیے گئے، پولیو کی یہ شرح سنہ 2014 کے بعد بلند ترین شرح ہے۔
2014 میں پولیو وائرس کے 306 کیسز سامنے آئے تھے اور یہ شرح پچھلے 14 سال کی بلند ترین شرح تھی۔
سال 2015 میں ملک میں 54، 2016 میں 20، 2017 میں سب سے کم صرف 8 اور سنہ 2018 میں 12 پولیو کیسز ریکارڈ کیے گئے تھے۔
اس تمام عرصے میں پولیو کیسز کی سب سے زیادہ شرح صوبہ خیبر پختونخواہ میں دیکھی گئی، صوبہ سندھ بدقسمتی سے اس حوالے سے دوسرے نمبر پر رہا۔
بلوچستان سے پولیو کا نیا کیس سامنے آیا ہے، قلعہ عبداللہ کی یونین کونسل حبیب زئی سے 18 ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق بلوچستان میں پولیو کا نیا کیس قلعہ عبداللہ سے رپورٹ ہوا ہے، قلعہ عبداللہ کی یونین کونسل حبیب زئی سے 18 ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی۔
متاثرہ بچی میں پولیو کی تصدیق کیلئے نمونہ گزشتہ سال 31 دسمبر کو حاصل کیا گیا تھا، متاثرہ بچی کو 3 بار پولیو سے بچاؤ کی ویکسین پلائی گئی تھی جس کا خاندان پنجاب کے شہر اوکاڑہ میں مقیم رہا ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق سال 2019 میں بلوچستان سے رپورٹ ہونے والے پولیو کے کیسز کی تعداد 12 ہوگئی ہے۔