قومی

آٹے کی قیمت میں اضافہ، آٹے کے بحران کا خدشہ

 

ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں اچانک اضافہ ہوگیا اور آٹے کے بحران کا بھی خدشہ ہے۔ ریٹیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق گندم سپلائی کم ہونے کے سبب گزشتہ ایک ہفتے کے دوران آٹے کی قیمت میں 5 روپے کلو اضافہ ہوا ہے۔

صدر ریٹیلرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہےفائن آٹا فی کلو 62 روپے میں دستیاب ہے جب کہ چکی کےآٹےکی قیمت میں بھی 5 سے 6 روپے فی کلواضافہ کردیا گیا اور چکی کے آٹے کی فی کلوقیمت 62 سے 70 روپے مقررکی گئی ہے۔ ڈیلرز اوپن مارکیٹ کے مطابق اوپن مارکیٹ میں فی کلو گندم کی قیمت 47 سےبڑھ کر 52 روپے ہو گئی جب کہ کراچی میں گندم کی بوری 500 روپے منہگی ہونے کے بعد 100 کلو گندم کی بوری 5200 روپے کی ہوگئی ہے۔

شہر کے بعض علاقوں میں 10 کلو آٹا 660 سے 700 روپے تک فروخت کیا جارہا ہے جب کہ بحران سے قبل 10 کلو آٹے کی قیمت 450 روپے تھی یعنی 5 مہینوں میں 10  کلو آٹا 250 روپے تک مہنگا ہوا ہے۔ حیدرآباد میں آٹے کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے اور چند روز میں 10 کلو آٹے کی بوری 640 روپے کی ہوگئی ہے۔

ریٹیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق سندھ حکومت کی پاسکو سے خریدی گندم آمد پر آٹے کی قیمت میں کمی ہوجائے گی۔ لاہور میں آٹا چکی ایسوسی ایشن پنجاب نے آٹےکی فی کلو قیمت میں 6 روپے کلو اضافہ کردیا جس کے بعد آٹا 70 روپے فی کلو فروخت کیا جارہا ہے۔

آٹا چکی ایسوسی ایشن نے 4 جنوری کو آٹے کی قیمت 64 روپےمقرر کی تھی تاہم چند روز بعد آٹے کی قیمت 70 روپے فی کلو مقرر کردی ہے اور فلورملز کی جانب سے 20کلو آٹے کا تھیلا 808 روپے میں فروخت کیا جارہا ہے۔

گوجرانوالہ میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 805 سے بڑھ کر 1050 روپے تک پہنچ گئی جب کہ دکانوں پر کھلا آٹا 60 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔ اس کے علاوہ فیصل آباد میں سرکاری کوٹہ پر آٹا چکیوں کو گندم کی فراہمی بند کردی گئی ہے جس کے باعث سرکاری گندم نہ ملنے سے چکیوں پر آٹے کی قیمت 70 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button