قومی

بارش اور برفباری، مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 97 ہو گئی

 

 وادی نیلم میں برفانی تودے تلے دب کر ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 73 ہو گئی ہے جب کہ ملک بھر میں مختلف حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 97 ہو گئی ہے۔

اسٹیٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی ایم اے) کے مطابق وادی نیلم میں برفانی تودے تلے دبے مزید 11 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 73 ہو گئی ہے جب کہ مزید کئی افراد کے اب بھی ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔

ایس ڈی ایم اے کے مطابق آزاد کشمیر میں بارش اور برفانی تودے گرنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 76 ہو گئی ہے جب کہ مختلف حادثات میں نیلم میں 22 دکانوں سمیت 107 مکانات جزوی یا 91 مکمل تباہ ہوئے۔ آزاد کشمیر میں برفانی تودے سے متاثر سرگن ویلی میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور حکومت نے فوجی ہیلی کاپٹرز سے امداد ی سامان متاثرہ علاقے میں پہنچا دیا۔

وزیراعظم عمران خان تمام سیاسی مصروفیات ترک کر کے آزاد کشمیر پہنچ گئے ہیں جہاں وہ متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے، تباہ کاریوں اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے ساتھ متاثرہ خاندانوں سے بھی ملاقات کریں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق آرمی ہیلی کاپٹرز آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، پاک فوج کی ٹیمیں برف میں پھنسے لوگوں کو نکال رہی ہیں، آرمی کے ڈاکٹرز اور پیرامیڈکس امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، خیمے، کمبل، ادویات اور راشن بھی متاثرین کو پہنچائے جا رہے ہیں۔

اس کے علاوہ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بھی شدید بارشوں اور برفباری کے باعث پیش آنے والے حادثات میں 21 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو چکے ہیں۔ زیارت اور قلعہ سیف اللہ میں شدید برفباری کے باعث اہم راستے اور رابطہ سڑکیں تاحال بند ہیں جس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

گلگت بلتستان میں بھی شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے اور برف باری کا 100 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔ استور اور ہنزہ کے بالائی علاقوں میں دوبارہ برف پڑنے سے موسم مزید سرد ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق برف باری آج شام تک جاری رہنے کا امکان ہے، برفانی تودہ گرنے سے لواری چترال کی طرف سے ٹنل بند کر دی گئی ہے۔

نوشہرہ: کمرے کی چھت گرنے سے 5 افراد زخمی

نوشہرہ کے تحصیل پبی کے علاقے خوش مقام میں بھی بارش سے کمزور کمرے کی چھت گرگئی۔ ریسکیو 1122 کے ابتدائی اطلاعات کے مطابق 5 افراد کے ملبے تلے دب چکے تھے ریسکیو ڈیزاسٹر ٹیم نے ملبے تلے پانچ زخمیوں کو نکال کر ہسپتال منتقل کردیا۔

زخمیوں میں چار خواتین سمیت  پانچ افراد شامل ہیں جبکہ اس وقت بھی ریسکیو 1122 کی میڈیکل اور ڈیزاسٹر ٹیمیں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ ریسکیو 1122 کے مطابق بارش کی وجہ سے کمرے کی چھت کمزور ہوگئی تھی جو گر گئی، زخمی افراد میں دو خواتین کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہیں۔

 

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button