قومی

مقبوضہ کشمیرپر سلامتی کونسل کا اجلاس آج، شاہ محمود قریشی امریکا روانہ

 

مقبوضہ کشمیرپراقوام متحدہ سلامتی کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لیے وزیرخارجہ 3 روزہ دورے پر امریکاروانہ ہوگئے۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق وزیرخارجہ نیویارک میں یواین سیکریٹری جنرل، واشنگٹن میں اپنے ہم منصب مائیک پومپیو، مشیرقومی سلامتی رابرٹ اوبرائن سمیت کیپٹل ہل میں امریکی تھنک ٹینک اورصحافیوں سے ملیں گے۔

ترجمان کے مطابق ملاقاتوں میں مشرق وسطیٰ، خطے کی صورتحال پربات چیت ہوگی، ملاقاتوں کا مقصد سیاسی، سفارتی ذرائع سے تنازعات کے حل کی کوشش ہے جب کہ وزیرخارجہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم پربھی گفتگوکریں گے۔

خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر کی کشیدہ صورت حال اور لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزی کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس آج ہو گا۔

گزشتہ 6 ماہ کے دوران دوسری مرتبہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس ہو رہا ہے۔ اس سے قبل گزشتہ برس اگست میں تقریباً 50 برس بعد مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورت حال پر سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا تھا جس میں مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

مقبوضہ کشمیر میں مودی سرکار نے اگست میں کرفیو نافذ کرتے ہوئے سابق وزرائے اعلیٰ اور سری نگر کے میئر سمیت مقامی سیاسی قیادت کو گرفتار کر لیا تھا اور بین الاقوامی میڈیا کے مطابق بھارتی فورسز کی جانب سے گرفتار افراد کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا۔

پاکستان کی جانب سے بھی بھارتی اقدامات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مودی سرکار سے کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کا مطالبہ کیا گیا۔

 

 

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button