قومی

رواں برس 50 لاکھ گھر بنا کر عوام کو آسان اقساط پر اپنی چھت فراہم کریں گے۔ وزیراعظم

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت عوام کی فلاح و بہود اور ملک خداداد کی ترقی و فلاح کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھا رہی ہے، 2020 پاکستان کیلئے بہت اہم ہے، اسی سال 50 لاکھ گھر بنا کر پاکستان کے چھت سے محروم عوام کو آسان اقساط پر اپنی چھت فراہم کریں گے۔

نوشہرہ اضاخیل ڈرائی پورٹ کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نوشہرہ اضاخیل ڈرائی پورٹ سے تجارت بڑھے گی، ملک کے نوجوانوں کو نوکریاں ملیں گی جس سے بیروزگاری کے خاتمے میں بھی مدد ملے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی 70 سالہ تاریخ میں ریلوے کی ترقی کیلئے وہ اقدامات نہیں اٹھائے گئے جس کی ضرورت تھی یہی وجہ تھی کہ ریلوے کوسالانہ اربوں روپے کے خسارے کا سامنا پڑتا تھا، ریلوے کے خسارے کی اصل وجہ سابقہ حکومتوں کی لوٹ مار اور کرپشن تھی جس سے ریلوے نے سالانہ اربوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔

اس موقع پر وزیر ریلوے شیخ رشید احمد، وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیراعلیٰ محمود خان، گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان، صوبائی وفاقی وزراء اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور ریلوے، ایف بی آر کے افسران بھی موجود تھے ۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکومت نے 190 ارب روپے احساس پروگرام پر خرچ کیے جس میں پچاس ہزار نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے سکالرشپس دئیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے ریلوے کی اراضی قبضہ مافیا سے واگزار کرانے کیلئے کوئی خاطرخواہ اقدامات نہیں کئے تھے لیکن موجودہ حکومت نے ریلوے کی کئی ایکڑ اراضی قبضہ مافیا سے واگزار کرائی اور یہی اراضی آنے والے وقتوں میں کمرشل مقاصد کیلئے استعمال کی جائے گی جس سے نہ صرف ریلوے کی آمدنی میں اضافہ ہوگا بلکہ ریلوے کو خسارے سے بھی نکالا جائے گا۔

عمران خان نے کہا کہ محکمہ ریلوے کی ترقی کیلئے ریلوے پر توجہ دی جا رہی ہے کیونکہ بین الاقوامی سطح پر تجارت کا ذریعہ ریلوے ہے اسی لئے بیرون ممالک کی سڑکیں زیادہ عرصہ صحیح سلامت رہتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوشہرہ اضاخیل ڈرائی پورٹ کے قیام سے پشاور تا کراچی کا 1872 کلومیٹر کا فاصلہ صرف 8 گھنٹوں میں طے ہوگا اور یہ منصوبہ موجودہ حکومت کی کاوشوں سے 50 کروڑ 70 لاکھ روپے کی رقم سے انتہائی قلیل، ایک سال کے، عرصہ میں مکمل کر دیاگیا جو کہ موجودہ وفاقی حکومت کی بہترین کارکردگی کا جیتا جاگتا ثبوت ہے ۔

وزیراعظم نے کہا کہ پچھلی حکومتوں میں فیصلے ایک خاص مخصوص طبقے کیلئے کئے جاتے تھے جس میں تعلیم اور صحت جیسی بنیادی سہولیات عام آدمی کی دسترس سے باہر عدالتوں میں طاقتور کیلئے الگ اور کمزور طبقے کیلئے الگ قانون ہوا کرتا تھا لیکن موجودہ حکومت نے یہ تمام تفرقات ختم کردیے، عوام اپنی شکایات پاکستان سٹیزن پورٹل سیل کے ذریعے اجاگر کریں، انہی شکایات پر میں ازخود ایکشن لے کر کارروائیاں کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ صحت ہر شہری کا حق ہے اور یہی صحت کارڈ پاکستان کے ہر غریب گھرانے کو دیاجائے گا تاکہ وہ اپنے اہل و عیال کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات فراہم کریں۔

وزیراعظم نے کہا کہ 2020 پاکستان کیلئے بہت اہم ہے اور اسی سال 50 لاکھ گھر بنا کر پاکستان کے چھت سے محروم عوام کو آسان اقساط پر اپنی چھت فراہم کریں گے اور اس منصوبے سے نہ صرف پچاس لاکھ گھرانے اپنے گھر کے مالک بنیں گے بلکہ اسی منصوبے سے ملک کے مختلف علاقوں میں چالیس سے ساٹھ صنعتوں کا قیام عمل میں آئے گا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button