قومی

ہماری کوشش ہے کہ سعودی عرب اور ایران میں دوستی ہو جائے: وزیراعظم عمران خان

 

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کبھی کسی کی جنگ میں شرکت نہیں کرے گا اور ہماری پوری کوشش ہے کہ سعودی عرب اور ایران میں دوستی ہو جائے۔ اسلام آباد میں ‘ہنر مند پاکستان’ منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم پہلے کسی اور کی جنگوں میں شرکت کرتے رہے لیکن اب کسی کی جنگ میں شرکت نہیں کریں گے، پاکستان نے دہشت گردی میں پہلے ہی بہت بڑی قیمت چکائی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ قوموں کی زندگی میں برا وقت آتا ہے تاکہ اپنی اصلاح کی جائے، پاکستان مشکل وقت سے نکل رہا ہے اور استحکام کی جانب گامزن ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہنر مند پروگرام سے روڈ میپ دیتا ہوں کہ ملک کدھر جا رہا ہے، ریاست دو چیزوں پر کھڑی ہوتی ہے، ایک انصاف اور دوسرا سادگی، ہمیں پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کمزور اور غریب طبقے کا خیال رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور ہم نے 190 ارب روپے صرف غریب طبقے کی بہتری پر خرچ کیے، پنجاب میں 170 پناہگاہیں بن چکی ہیں، سخت سردی میں عوام کو سہولت دی گئی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ 2020 میں نوجوانوں کو روزگار دینا ہے، آئندہ 4 سالوں میں 50 لاکھ گھر بنانے ہیں، گھر بنانے سے 40 کے قریب انڈسٹریز چلیں گی، انڈسٹریز چلیں گی تو بے روزگاری میں کمی ہو گی، زراعت کے لیے ہم پرانے طریقے کو ترک کر کے جدید نظام متعارف کرائیں گے۔

خیال رہے کہ 3 جنوری کو امریکا نے بغداد میں میزائل حملہ کرکے ایرانی قدس فورس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کو قتل کردیا تھاجس کے بعد ایران کی جانب سے سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بدلہ لینے کا اعلان کیا گیا تھا۔

8 جنوری کی علی الصبح ایران نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے عراق میں موجود امریکی فوج کے دو ہوائی اڈوں کو میزائلوں سے نشانہ بنایا جس میں 80 ہلاکتوں کا بھی دعویٰ کیا گیا تاہم امریکا نے اس حملے میں کسی بھی امریکی فوجی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی تردید کی ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button