لائف سٹائل

دیر کے لڑکوں پر غیرملکی لڑکیاں مہربان، بھارتی خاتون کے بعد چینی لڑکی دیر لوئر پہنچ گئی

بھارتی خاتون کے بعد چینی لڑکی بھی دوستی کی خاطر دیر لوئر کے علاقے ثمر باغ پہنچ گئی۔

ذرائع کے مطابق جاؤ فینگ نامی چینی لڑکی اور باجوڑ کے رہائشی جاوید نامی لڑکا گزشتہ تین سال سے سوشل میڈیا ایپ سنیپ چیٹ پر ایک دوسرے کے ساتھ رابطے میں تھے اور دونوں دوست بن گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چینی لڑکی تین روز قبل تین ماہ کے وزٹ ویزہ پر گلگت کے راستے اسلام آباد پہنچی ہے۔

اسلام آباد پہنچتے ہی جاؤ فینگ اپنے سوشل میڈیا دوست جاوید کے ساتھ ثمر باغ پہنچ گئی ہے جہاں وہ جاوید کے ماموں عزت اللہ کے گھر میں مقیم ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چینی لڑکی کو سیکورٹی خدشات کی بناء پر ثمر باغ میں ٹہرایا گیا ہے جبکہ یہ اطلاعات بھی سامنے آ رہے ہیں کہ جاؤ فینگ جاوید سے شادی کرنے کی خواہشمند ہے۔

ڈی پی او دیر لوئر ضیاءالدین نے میڈیا کو بیان دیتے ہوئے جاؤ فینگ کی دیر لوئر میں موجودگی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ چینی لڑکی کو مکمل سکیورٹی فراہم کی گئی ہے تاہم محرالحرام اور سکیورٹی خدشات کے پیش نظر چینی لڑکی کو فی الحال آزادانہ نقل و حمل کی اجازت نہیں دے سکتے۔

ڈی پی او دیر لوئر ضیاء الدین کا مزید کہنا تھا کہ چینی لڑکی کے سفری دستاویزات درست ہیں اور آخری اطلاعات آنے تک چینی لڑکی اور ان کے دوست جاوید کے درمیان نکاح نہیں ہوا ہے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل بھارتی خاتون انجو (نیا نام فاطمہ) اپنے فیسبوک دوست نصراللہ سے ملنے دیر پہنچ گئی تھی اور گزشتہ روز دونوں نے نکاح کرلیا ہے۔

منگل کے روز مالاکنڈ ڈویژن کے ڈی آئی جی ناصر محمود ستی نے انجو اور نصراللہ کے نکاح کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بھارتی خاتون نے اسلام قبول کرکے اپنا نام فاطمہ رکھ لیا ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button