ضم اضلاع سے افغانستان کو لکڑیوں کی ترسیل پر پابندی عائد
خیبر پختونخوا حکومت نے جنوبی وزیرستان سمیت تمام ضم اضلاع سے افغانستان کو درختوں کی ترسیل پر پابندی عائد کر دی۔
محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا کی جانب سے پشاور، بنوں، کوہاٹ، ڈی آئی خان اور ملاکنڈ ڈویژن کے کمشنرز سمیت تمام متعلقہ افسران کو ارسال کئے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ صوبائی حکومت نے 30جون کو منعقدہ کابینہ اجلاس میں درختوں کی افغانستان کو ترسیل پر پابندی کی منظوری دی ہے, اس منظوری کے تحت غیر قانونی درختوں کی کٹائی کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی ضم اضلاع سے دیودار، چیڑ، کائل، چلغوزہ اور جونیپر کے درختوں کی کٹوتی اور ترسیل پر پابندی عائد ہو گی.
محکمہ داخلہ نے متعلقہ افسران کو فیصلہ پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔
واضح رہے کہ ملاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں بھی درختوں کی کٹائی کی کئی شکایات سامنے آئی ہیں اور ان کی کٹوتی کیلئے اب سختی سے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔