کورونا وائرس کی خطرناک بھارتی قسم خیبر پختونخوا پہنچ گئی
باچا خان ایئرپورٹ پر کورونا وائرس کی بھارتی قسم کی تصدیق ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق کورونا وائرس کی خطرناک بھارتی قسم خیبر پختونخوا پہنچ گئی ہے اور کورونا وائرس کی بھارتی قسم کے کیس کی تصدیق بھی کی جا چکی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ باچا خان انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر بیرون ملک سے آئے مسافروں سے نمونے اکھٹے کیے گئے تو بھارتی قسم کے کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی، باچا خان ائیر پورٹ پر مسافروں میں تشخیص ہونے والے 80 فی صد کیسز برطانوی کورونا وائرس کی قسم ہیں، تاہم ابھی تک خیبر پختونخوا کی کسی بھی لیبارٹری میں بھارتی کورونا وائرس کی تشخیص نہیں ہوسکتی، مسافروں میں بھارتی قسم کے کورونا کی تشخیص قومی ادارہ برائے صحت اسلام آباد نے کی۔
دوسری جانب ملک میں عالمی وبا کورونا سے مزید 17 افراد انتقال کرگئے جب کہ مثبت کیسز کی شرح 3.27 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 46 ہزار 287 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1517 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 17 افراد انتقال کر گئے۔
سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 3.27 فیصد رہی۔
سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 22469 ہو گئی اور مجموعی کیسز 9 لاکھ 66 ہزار 7 تک جاپہنچے ہیں۔
اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 877 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 9 لاکھ 9 ہزار 525 ہو گئی ہے جب کہ فعال کیسز کی تعداد 34013 ہے۔
Statistics 7 Jul 21:
Total Tests in Last 24 Hours: 46,287
Positive Cases: 1517
Positivity % : 3.27%
Deaths : 17— NFRCC (@NFRCCofficial) July 7, 2021