خیبر پختونخواقومی

سوات میں پی ڈی ایم کا جلسہ "عمرانی حکومت کو رخصت کرکے دم لیں گے”

حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) آج سوات میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اجازت نہ ملنے کے باوجود سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی۔ 

سوات کے گراسی گراؤنڈ میں ہونے والے جلسے سے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور  ن لیگ کے صدر شہباز  شریف سمیت دیگر  قائدین خطاب کریں گے۔

مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کے مطابق شہباز شریف بالا کوٹ سے ریلی کی قیادت کرتے ہوئے جلسہ گاہ پہنچیں گے۔

دوسری جانب انتظامیہ نے جلسے کی اجازت دینے  سے انکار کر دیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر سوات کا کہنا ہے ضلع بھر میں دہشت گردی اور حملوں کا خطرہ ہے اور کورونا وائرس کی وجہ سے بھی اجتماعات پر  پابندی ہے۔

ڈی سی کی جانب سے اجازت نہ ملنے پر جلسہ منتظمین نے پھر بھی جلسہ کرنے کا اعلان کیا ہے اور گراسی گراونڈ کو جمیعت علمائے اسلام اور مسلم لیگ نون کے جھنڈوں سے مزین کر دیا گیا ہے۔

جلسے کے حوالے سے مسلم لیگ نون کے خیبرپختونخوا کے ترجمان اختیارولی نے کہا ہے کہ شہباز شریف کے علاوہ شاہد خاقان عباسی بھی خطاب کریں گے۔ شاہد خاقان عباسی اور ڈاکٹر عباد اللہ مالم جبہ سے بڑی ریلی لیکر جسلہ گاہ پہنچیں گے۔

انہوں نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی قیادت آج آئندہ کا لائحہ عمل جاری کرے گی اور پہلے سے زیادہ منظم اور پرعزم ہوکر عمرانی حکومت کو رخصت کر کے دم لے گی۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان کامران بنگش نے جلسے کو ناکام قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ عوام کی عدم شرکت پر مولانا فضل الرحمان نے مدارس کے بچوں کو جلسہ گاہ پہنچا دیا ہے جو کہ شرم کا مقام ہے۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button