”بیگم نسیم ولی خان کی رحلت پی پی پی کے لئے بھی ایک صدمہ ہے”
سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر اور سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کی سربراہی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد نے بيگم نسیم ولی خان کی تعزیت کےلئے ولی باغ کا دورہ کیا۔
سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف اور صوبائی صدر پی پی ہمایوں خان اور دیگر رہنما بھی ہمراہ تھے۔ دریں اثنا سابق سپیکر قومی اسمبلی اور مسلم لیگ ن کے رہنما ایاز صادق نے بھی تعزیت کے لئے ولی باغ کا دورہ کیا۔
اے این پی کے مرکزی سینئر نائب صدر امیر حیدرخان ہوتی اور لونگین ولی خان نے پی پی پی اور پی ایم ایل ن رہنماوں کا استقبال کیا۔ پی پی پی وفد اور ایاز صادق نے بیگم نسیم ولی خان کی وفات پر اے این پی قائدین سے تعزیت کی اور ان کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔
اس موقع پر اے این پی کے مرکزی سینئر نائب صدر امیر حیدر خان ہوتی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کی بقا کے لئے بیگم نسیم ولی خان کا کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں، سیاست کے میدان میں بیگم نسیم ولی خان کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔
پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری کی جانب سے تعزیت کا پیغام دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیگم نسیم ولی خان اور بینظیر بھٹو شہید کے گہرے مراسم تھے، اے این پی اور پی پی پی کے دیرینہ تعلقات رہے ہیں۔ دونوں سیاسی جماعتوں نے مل کر دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ لڑی ہے، ”بیگم نسیم ولی خان کی رحلت پی پی پی کے لئے بھی ایک صدمہ ہے۔”
عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر امیر حیدر خان ہوتی نے پی پی پی اور پی ایم ایل ن قائدین کا ولی باغ آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔