خیبر پختونخوا

”بعد از نماز عید مصافحہ کرنے اور گلے ملنے سے گریز کریں”

خیبر پختونخوا حکومت نے عید الفطر نماز کے اجتماعات کے لیے این سی او سی کی گائیڈ لائنز پر عمل درآمد کے لیے ہدایات جاری کر دیں۔

چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز کی زیر صدارت نماز عید گائیڈ لائنز کے حوالے سے اجلاس، ڈویژنل کمشنرز، ریجنل پولیس آفیسرز اور اور مختلف مکاتب فکر کے جید علماء کرام نے شرکت کی۔

اس موقع پر ڈاکٹر نیاز نے کہا کہ نماز عید اجتماعات کھلی جگہوں پر ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کے ساتھ منعقد کرائیں جائیں، جہاں کھلی فضا میں ممکن نہ ہو وہاں مساجد میں دروازے اور کھڑکیاں کھلی رکھ کر ایس اوپیز کے ساتھ نماز عید پڑھی جائے، عید کی نماز ایک ہی جگہ پر وقفے کے ساتھ دو یا تین بار پڑھی جائے تاکہ ہجوم نہ بنے اور ذیادہ لوگ عید کی نماز ادا کر سکیں۔

انہوں نے تاکید کی کہ تمام خطباء اور علماء کو خطبہ عید مختصر رکھیں تاکہ اجتماع میں عوام کم سے کم وقت کے لیے رکیں، عید نماز کے لئے آنے والوں کے لیے سنیٹائزر کا استعمال اور ماسک پہننا لازمی ہے، انتظامیہ اجتماعات میں سماجی فاصلے کو یقینی بنانے کیلئے 6 فٹ کے فاصلے پر نمازیوں کے لئے واضح نشانات کو یقینی بنائیں جبکہ معمر افراد، بیمار اور 15 سال سے کم عمر کے بچوں کو مسجد نہ آنے کی ترغیب دی جائے۔

چیف سیکرٹری نے سختی سے ہدایت کی کہ کسی کو بھی ماسک کے بغیر نماز عید پڑھنے کی اجازت نہ دی جائے، تمام مساجد میں اندر اور باہر جانے کے لئے ایک سے زائد جگہوں کو مخصوص کیا جائے، تمام اجتماعات پر جسمانی درجہ حرارت کی جانچ کا بندوبست کیا جائے، علامات ظاہر ہونے کی صورت میں مذکورہ شخص کو واپس کیا جائے گا۔

انہوں نے یہ ہدایت بھی کی کہ انتظامیہ عید اجتماعات کے انٹری پوائنٹ پر ماسک اور سنیٹائزر کی وافر مقدار میں دستیابی کو یقینی بنائیں، علماء عوام کو وضو گھر میں بنانے اور جائے نماز اپنے ہمراہ لانے کی ترغیب دیں اور وباء کا پھیلاؤ روکنے کیلئے عوام بعد از نماز عید مصافحہ کرنے اور گلے ملنے سے گریز کریں۔

ڈاکٹر کاظم نیاز نے واضح کیا کہ عید اجتماع کے مقامات پر نماز سے پہلے اور بعد کسی قسم کا کوئی پروگرام/اجتماع کی اجازت نہیں ہو گی، کمشنرز اور ضلعی انتظامیہ عوام کو آگاہی دینے لئے عید اجتماعات کے مقامات پر کورونا ایس اوپیز کے حوالے سے بینرز نمایاں طور پر چسپاں کریں، عید اجتماعات کے دوران گاڑیوں کی پارکنگ کے لئے بہترین اقدامات اٹھائے جائیں، اجتماعات کی سیکیورٹی اور ایس اوپیز پر عملدرآمد کے لئے پولیس کی بھاری نفری تعینات کی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ علماء کرام کی پہلے اور دوسرے لہر کی طرح تیسری لہر کے دوران بھی تعاون قابل تحسین ہے۔
اس موقع پر مولانا یوسف شاہ نے کہا کہ علماء کرام حکومت کی تمام کورونا گائیڈ لائنز کی بھرپور تائید کرتے ہیں۔
دوسری جانب الحدیث مولانا احسان الحق نے کہا کہ کھلی جگہ نماز عید کی ادائیگی سنت موکدہ ہے، عید نماز کو آتے جاتے وقت راستہ بدلنا بھی سنت موکدہ ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button