خیبر پختونخوا

لکی، نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پاک آرمی کا حاضر سروس نائب صوبیدار جاں بحق

غلام اکبرمروت سے

سرائے نورنگ میں نامعلوم موٹرسائیکل سوار افراد کی فائرنگ سے پاک آرمی کا حاضر سروس نائب صوبیدار شہید ہو گیا ہے، سرائے نورنگ پولیس کے مطابق فائرنگ سے پاک آرمی کے نائب صوبیدار حمید اللہ جاں بحق ہو گئے، نامعلوم شرپسندوں کے خلاف رپورٹ درج کر لی گئی۔

تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال سرائے نورنگ میں مقتول کے والد محمد راہی نے پولیس کو بتایا کہ میں اپنے بیٹے حمیداللہ کے ہمراہ سودا سلف لے کر سرائے نورنگ بازار سے اپنے گھر جا رہا تھا کہ علاقہ نارفقیر معصوم کے قریب سامنے سے دو موٹرسائیکل سواروں نے رکنے کا اشارہ کیا، ”ایک نے کہا کہ یہی حمیداللہ ہے جو پاک آرمی میں ملازم ہے، میں نے خیریت پوچھی تو کہا کہ پاک آرمی والے ہمارے دشمن ہیں اور ساتھ ہی پستول سے فائرنگ کر دی جس سے میرا بیٹا موقع پر شہید ہو گیا، شہید 6 مئی کو عیدالفطر پر چھٹی منانے کیلئے گھر آیا تھا۔

پاک آرمی کے نائب صوبیدار حمید اللہ کی لاش پوسٹ مارٹم کیلئے تحصیل ہسپتال سرائے نورنگ منتقل کر دی گئی جبکہ پولیس نے واقعے کی محرکات معلوم کرنے کیلئے تفتیش شروع کر دی ہے۔

دریں اثناء تھانہ سی ٹی ڈی بنوں نے شہید آرمی نائب صوبیدار حمید اللہ خان کا مقدمہ دہشتگردی ایکٹ کے تحت درج کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

زرائع کے مطابق حمیداللہ کے والد نے نامعلوم شرپسندوں کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ تھانہ سرائے نورنگ پولیس نے شرپسندوں کی کاروائی کی بنا پر مراسلہ تھانہ سی ٹی ڈی بنوں بھجوایا تھا جس پر تھانہ سی ٹی ڈی بنوں نے مقدمہ درج کرنے سے انکار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ چونکہ مذکورہ حمیداللہ کو کالعدم تنظیم کی جانب سے کوئی دھمکی نہیں ملی تھی اور نہ ہی کسی کالعدم تنظیم نے کوئی ذمہ داری قبول کی ہے اس لئے ایس ایچ او تھانہ سرائے نورنگ قتل کامقدمہ درج کرے، اگر دوران تفتیش دہشتگردی کا کوئی عنصر ملا تو افسران بالا کے ذریعے دوبارہ رجوع کریں جس پر تھانہ سرائے نورنگ پولیس نے قتل اور دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button