پشاور، چکن 550 سے 700 روپے میں، پھل سبزیاں بھی عام آدمی کی پہنچ سے دور
پشاور شہرمیں زندہ فارمی مرغیوں کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح کو پہنچ گئی،293روپے فی کلو کے حساب سے بازاروں میں فل چکن550سے 700میں فروخت ہونے لگا۔ رمضان شروع ہوتے ہی فارمی مرغی کی گوشت کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا،چند دنوں میں مرغی کی فی کلو قیمت میں 50روپے کا اضافہ کیا گیا ہے،شہر میں مرغی 293روپے فی کلو گرام فروخت ہو رہی ہیں۔
صحافیوں کے ساتھ گفتگو میں مرغی فروشوں کا کہنا ہے کہ مرغیوں کی پیداوار کم ہونے اور فیڈ مہنگا ہونے کی وجہ سے زیادہ تر پولٹری فارم مالکان نے مرغیوں کی پیداوار کم کر دی ہے جس سے مرغی اور انڈوں کے قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چھوٹے چوزے کا ریٹ 31روپے کی بجائے100روپے تک پہنچ گیا، اسی وجہ سے زیادہ تر فارمز والوں نے ابھی چوزے لینا بند کر دیئے ہیں۔ مرغی فروشوں کے مطابق پہلے روزانہ کی بنیاد پر ہم 10سے 12من تک مرغیاں فروخت کرتے تھے، اب مہنگائی کی وجہ سے روزانہ کی بنیاد پر فروخت صرف 2من تک بشمکل پہنچ پاتی ہے، مرغیوں کا ریٹ میں بے تحاشہ اضافہ ہونے کی وجہ سے کوئی مرغی خریدنے کیلئے ہماری دکانوں کا رخ نہیں کرتا، لیکن بعض دفعہ لوگ چکن خریدنے کے لئے مجبورا ہماری دکانوں کا رخ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کاروبار خراب ہونے کے باعث اور دکانوں کے کرائے بڑھنے کی وجہ سے ہم نے زیادہ تر کاریگروں کو بھی فارغ کر دیا ہے کیونکہ خرید و فروخت ہو نہیں رہی تو کاریگروں کو پیسے کہاں سے دیں گے۔خیال رہے کہ ڈھائی ماہ میں فرمی مرغی کا فی کلو ریٹ 156روپے سے بڑھ کر293روپے فی کلو تک پہنچ چکا ہے، اسی طرح ایک عدد مرغی کی قیمت 400سے بڑھ کر700روپے ہو گئی ہے۔مسابقتی کمیشن کی تحقیقات میں چکن اورانڈوں کی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجہ سامنے آگئی ہے، پولٹری فیڈ مہنگی ہونے سے چکن کی قیمتوں میں 27فیصد تک اضافہ ہوا۔
دوسری جانب پشاور میں اشیائے خورد ونوش کی قیمتوں میں بدستور اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، موسمی پھلوں اورسبزیوں کی قیمتیں بھی عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوگئی ہیں۔سفید آلو 40، سرخ آلو 50 ، ٹماٹر25 روپے کلو، سبز مرچ 50 روپے، شملہ مرچ 40روپے، بینگن50روپے، کھیرا 25روپے، کدو40روپے فی کلو کے حساب سے بک رہے ہیں جبکہ پھول گوبھی 50 روپے، بند گوبھی 30 روپے، مٹر 90 روپے، بھنڈی 90 روپے، توری 40 روپے، ٹینڈا 30 روپے اور شلجم 40 روپے فی کلو،کریلہ 40 روپے، فراشبین 70 روپے، لیموں 260 روپے، لہسن 100 سے 170 جبکہ ادرک 320 روپے کلو فروخت کیاجارہا ہے ۔
پھل بھی عام آدمی کی دسترس سے باہر ہے۔خرمانی کی قیمت 170 روپے مقرر، آڑو 180 روپے، خربوزہ فی کلو 65، لوکاٹ 120، تربوز 40، سیب 140 سے 180 روپے کلو، کندھاری انار 220 روپے، سٹرابری 150، امرود 160 روپے کلو بک رہے ہیں۔