کورونا وباء، خیبر پختونخوا میں جمعہ اور ہفتہ کو بازار بند رہے گا
خیبر پختونخوا حکومت نے کورونا وائرس کی تیسری لہر کے پیش نظر ماسوائے اشیاء خوردنوش کے تمام کاروباری سرگرمیوں کو جمعہ اور ہفتہ کے روز بند رکھنے کا فیصلہ کر لیا۔
حکومت کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق یہ فیصلہ کورونا کی بڑھتی ہوئی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے عوام کے وسیع تر مفاد میں کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل صوبائی حکومت کی جانب سے 17 مارچ 2021 کو تمام تر کاروباری سرگرمیوں کو ہفتہ و اتوار کے دن مکمل طور پر بند کرنے کے احکامات جاری کئے گئے تھے۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ صوبہ بھر میں ماسوائے اشیاء خوردنوش کے تمام کاروباری سرگرمیوں کو ہفتہ و اتوار کے بجائے "جمعہ اور ہفتہ” کو مکمل بند رکھا جائے گا، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 10 فیصد سے تجاوز کر گئی اور وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 14 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔
گذشتہ روز کورونا وائرس پھیلاؤ کے خدشات کی وجہ سے صوبائی دارالحکومت پشاور کے مختلف علاقوں میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن بھی نافذ کر دیا گیا جبکہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ملک کے بعض اضلاع میں 11 اپریل تک تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔
این سی او سی کے اجلاس کے بعد وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ایسے اضلاع جہاں کورونا کے کیسز کی شرح زیادہ ہے وہاں تعلیمی ادارے 11 اپریل تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔