خیبر پختونخوا

16 مارچ کو صوبہ بھر میں احتجاج ہو گا۔  آل خیبر پختونخوا گڈز ٹرانسپورٹ یونین

 آل خیبر پختونخوا گڈز ٹرانسپورٹ یونین فیڈریشن نے موٹر وے پولیس، ایکسائز ،نیشنل ہائی وے اور ٹریفک پولیس کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کر کے 16مارچ سے صوبہ گیر ہڑتال کا اعلان کر دیا۔

درگئی میں منعقد ہ مظاہرے کی قیادت آل خیبر پختونخوا گڈز ٹرانسپورٹ یونین فیڈریشن کے صوبائی صدر انجینئر محمد جمیل خان نے کی‘مظاہرے کے دوران شرکاء نے پولیس کے ظالمانہ اورناروا سلوک کیخلاف شدید نعرہ بازی بھی کی۔

احتجاجی مظاہرے کے بعدآل خیبر پختونخوا گڈز ٹرانسپورٹ یونین فیڈریشن کے صوبائی صدر انجینئر محمد جمیل، صوبائی چیئرمین حاجی لیاقت خان ہوتی، نائب چیئرمین محمد ایوب جدون، نائب صدر سعید جمال، جنرل سیکرٹری حاجی سکندر خان، پریس سیکرٹری نصیب گل، فنانس سیکرٹری حاجی نوررحمان، ڈپٹی سیکرٹری محمد عمران اور سکندر زمان نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایکسائز پولیس تمام لوازمات مکمل ہونے کے باوجود ٹیمپرنگ کے نام پر تنگ کر کے ٹرانسپورٹرز سے بھتہ وصول کر رہی ہے جبکہ ٹریفک پولیس کی جانب سے ناجائز پرچوں کی آڑ میں بھاری رقوم وصول کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ کی طرف سے ٹریفک پولیس کو ہر پرچہ پر مخصوص فیصدی دے کر مزید ظلم پر اکسایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موٹر وے اور نیشنل ہائی وے پولیس اوورلوڈنگ کا بہانہ بنا کر چالان پر چالان دے رہی ہیں جس سے گڈز ٹرانسپورٹ یونین مجبور ہو کر 16 مارچ کو صوبہ گیر ہڑتال کا اعلان کر رہی ہے جس سے پیدا ہوالے آٹا، سبزی، گھی چاول سمیت تمام غذائی قلت اور دیگر تمام نقصانات کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہو گی۔

صوبائی قائدین نے کہا کہ صوبہ گیر ہڑتال کے دوران تمام جی ٹی روڈز بھی بند کئے جائیں گے۔

یونین کے عہدیداروں نے کہا کہ موجودہ حکومت میں گڈز ٹرانسپورٹ سے وابستہ افراد کے چولہے ٹھنڈے پڑ چکے ہیں، ہرطرف بے رحمانہ اور ناروا سلوک کیا جا رہا ہے لیکن بار بار مطالبات کے باجود حکومت ہمارے مسائل پر توجہ نہیں دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ ملک کے معیشت کو سہارا دیا اور ملک میں کسی بھی جنگی حالات میں سرحدات تک راشن پہنچایا، روزگار کے مواقع پیدا کئے لیکن خصوصاً کے پی کے پولیس کے ہاتھوں ہمارے ساتھ ہونے والے مظالم کے خلاف ہمارے حالات پر رحم کر نے والا کوئی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی ہڑتال کے بعد ملکی سطح پر بھی ہڑتال کی کال دیں گے جو مسائل کے حل تک جاری رہے گی۔اس دوران صوبائی صدر انجینئر محمد جمیل نے 13 مارچ کو پشاور میں ریلی کا بھی اعلان کیا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button