خیبر پختونخوا

وزیردفاع پرویز خٹک کے بھائی لیاقت خٹک سے وزارت چِھن گئی

حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے گڑھ نوشہرہ کے صوبائی حلقہ پی کے -63 میں پاکستان مسلم لیگ کے ہاتھوں بدترین شکست پر ایکشن لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ محمود خان نے وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک کے بھائی اور صوبائی وزیر آبپاشی لیاقت خٹک کو عہدے سے ہٹا دیا۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز پی کے-63 پر ہونے والے ضمنی الیکشن میں صوبائی وزیر لیاقت خٹک نے پارٹی امیدوار کے بجائے پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار اختیار ولی کی حمایت کی تھی جبکہ پارٹی امیدوار کی ہار پر لیاقت خٹک کے بیٹے احد خٹک نےجشن منایا تھا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی تھی۔

الیکشن ہارنے کے بعد پی ٹی آئی پر سخت تنقید کی جا رہی ہے جس کے بعد وزیراعلی محمود خان نے ایکشن لیتے ہوئے لیاقت خٹک کو وزارت سے ہٹا دیا، انہیں فوری طور پر عہدے چھوڑنے کے ہدایت کی گئی ہے۔

لیاقت خٹک پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک کے بھائی ہیں۔

دوسری جانب مانکی شریف میں لیاقت خٹک کی وزارت واپس لینے پر جشن منایا گیا جس میں پی ٹی آئی کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔

اس موقع پر لیاقت خٹک کو آبائی گاؤں پھولوں سے سجی گاڑی میں لایا گیا جہاں ان کے حجرے میں کارکنوں کو گرم کرنے کیلئے میوزک کا اہتمام کیا گیا تھا۔

لیاقت خٹک کی آمد پر گلاب پاشی اور آتش بازی کی گئی جبکہ کارکنوں نے پرجوش نعرہ بازی کی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں سابق صوبائی وزیر لیاقت خٹک نے کہا کہ میری زندگی کھلی کتاب ہے، وزارت کی کوئی اہمیت نہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار اختیار ولی نے پی ٹی آئی امیدوار میاں عمر کاکاخیل کو لگ بھگ چار ہزار لیڈ سے شکست دی تھی جو حمکران جماعت کیلئے ایک بڑا دھچکا ثابت ہوئی ہے جو 2013 سے خیبر پختونخوا میں حکمرانی کر رہی ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے امیدوار افتخار ولی جسے اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹ موومنٹ (پی ڈی ایم) کی حمایت بھی حاصل تھی، انہوں نے ضمنی انتخاب میں 21 ہزار 112 ووٹ حاصل کر کے فتح سمیٹی جبکہ ان کے مقابلے پی ٹی آئی کے میاں عمر کاکا خیل 17 ہزار 23 ووٹ لے سکے۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی نے پاکستان مسلم لیگ ن کے ہاتھوں بدترین شکست پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی کے-63 میں پی ٹی آئی کو پی ٹی آئی نے ہرایا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button