خیبر پختونخوا کے تعلیمی ادارے بند رہیں گے یا کھلے، فیصلہ کل ہو گا
صوبے بھر میں سرکاری اور غیر سرکاری تعلیمی اداروں کی بندش کا فیصلہ کل بین الصوبائی وزارت تعلیم کے اجلاس میں کیا جائے گا، صوبائی حکومت کی جانب سے تعلیمی اداروں کے بارے میں سفارشات وفاق کو ارسال کر دی ہیں۔
ذرائع کے مطابق کرونا کے دوسری لہر کے پیش نظر سکولوں کو اکتیس جنوری تک بند رکھنے کی تجاویز زیر غور ہیں جس کے لئے صوبائی حکومت سے سفارشات طلب کی تھیں۔
صوبے میں تعلیمی اداروں میں عملے اور طلباء میں کرونا کی شرح 10 فیصد سے بڑھ گئی ہے، تعلیمی اداروں میں چھٹیوں کے حوالے سے محکمہ صحت نے بھی اپنی سفارشات صوبائی حکومت کوا رسال کی ہیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ تعلیمی اداروں کی بندش کا حتمی فیصلہ 23 نومبر کو وزارت تعلیم کے اجلاس میں کر دیا جائے گا۔
کرونا کی دوسری لہر کے باعث 24 نومبر سے پرائمری سکول، 2 دسمبر سے مڈل سکولز، 15 دسمبر سے ہائیر سکینڈری سکولز بند کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔
تعلیمی سیشن کو 31 مئی تک بڑھاتے ہوئے میٹرک اور ایف اے کے امتحانات جون 2021 میں ممکنہ طور پر لئے جائیں گے جبکہ دوسری طرف پرائیویٹ تعلیمی اداروں نے ممکنہ طور پر چھٹیوں کے باعث بچوں سے ایڈوانس فیس کی وصولی شروع کر دی ہے۔