کوہستان اور سوات میں سیلابی ریلے، 14 افراد جاں بحق
سوات اور کوہستان میں بارش اور سیلابی صورتحال نے تباہی مچادی، جس کے باعث اب تک 14 افراد جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہوگئے۔ اس کے علاوہ 48 گھروں کو مکمل اور جزوی طور پر نقصان بھی پہنچا جبکہ کئی افراد کے سیلاب میں بہنے کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔
صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع سوات اور اپر کوہستان میں بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال 14 افراد کی جان لے گئی۔ پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ بارش سے اپر کوہستان میں 8 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ سوات میں 3 مرد، ایک خاتون اور 2 بچوں سمیت 6 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
اپر کوہستان کے ڈپٹی کمشنر اپر کوہستان عارف خان یوسف زئی کے مطابق گزشتہ شب سے دریائے سندھ اور اپر کوہستان کی ندیوں میں سیلابی صورتحال تھی اور اسی دوران ایک خاندان کے 7 افراد ریلے میں بہہ گئے جن میں سے 3 کی لاشوں کو نکال لیا گیا جبکہ باقی کی تلاش جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری ریسکیو 1122 کی ٹیمیں اور ضلعی حکام موقع پر موجود ہیں جبکہ میں بھی وہاں جلد پہنچ رہا ہوں، جس کے بعد میں مزید تفصیلات سے آگاہ کروں گا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اب تک یہ تصدیق ہوچکی ہے کہ خواتین سمیت ایک ہی خاندان کے 7 افراد سیلاب میں بہہ گئے جبکہ 19 گھر مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ دور دراز علاقے میں پیش آیا تاہم مقامی لوگوں نے بھی ریسکیو کے کاموں میں حصہ لیا اور اب تک 3 افراد کی لاشوں کو نکال لیا گیا۔
پی ڈی ایم اے حکام کے مطابق سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا ہے اور پھنسے ہوئے مقامی لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جارہا ہے۔
دوسری جانب وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود نے سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلی نے واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور غمزدہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی اور تعزیت کی۔
انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو ہنگامی بنیادوں پر متاثرہ علاقے میں امدادی سرگرمیاں شروع کرنے کی ہدایت کی اور لاپتہ افراد کی تلاش کے لئے کاروائی تیز کرنے کے احکامات جاری کئے۔
وزیراعلی نے کہا ہے کہ متاثرین کو فوری طور پر امدادی سامان اور دیگر اشیائے ضروریہ پہنچائی جائیں اور متاثرہ گھروں کے مکینوں کے لئے عارضی رہائش کا بندوبست کیا جائے۔
انہوں نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کے ساتھ ہے اور متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔