قومی

کراچی میں بارش کا نصف صدی ریکارڈ ٹوٹ گیا، مختلف حادثات میں 25 افراد جاں بحق

کراچی میں موسلا دھار بارش کے بعد پانی کے ریلوں نے شہر کا حلیہ بدل دیا، پانی کا بہاؤ اپنے ساتھ کنٹینر،کار، بسیں سب کھلونوں کی طرح بہا لے گیا، مختلف حادثات میں  25 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

کراچی کے علاقے جوہر موڑ کے قریب آسمانی بجلی گرنے سے رہائشی اپارٹمنٹ کی دیوار منہدم ہو گئی جس کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت 7 افراد جاں بحق ہو گئے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دیوار کے ملبے تلے مزید افراد دبے ہوئے ہیں، پولیس، کنٹونمنٹ بورڈ اور ریسکیو ادارے ملبہ ہٹانے کا کام کر رہے ہیں۔

کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن کے مطابق گزشتہ روز کراچی میں دیواریں گرنے کے مختلف واقعات میں 15 افرادجاں بحق ہوئے ہیں جب کہ  پانی میں ڈوب کر 4افراد اور چھت گرنے کے حادثات میں 2افراد جاں بحق ہوئے ہیں، اس کے علاوہ کرنٹ لگنے اور موٹر سائیکل حادثےمیں ایک ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔

شہر میں پاک آرمی،نیوی اور سندھ رینجرز کے اہلکار مختلف مقامات پر پانی میں پھنسے شہریوں کی مدد میں مصروف ہیں۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق کراچی میں سیلابی صورت حال سے نمٹنے کے لیےآرمی فلڈ ایمرجنسی کنٹرول سینٹر قائم کردیا گیا ہے جب کہ  گلبرگ، لیاقت آباد اور نیوکراچی میں میڈیکل کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق ناردرن بائی پاس کےقریب ایم نائن پر بند کو محفوظ کر دیا گیا جب کہ قائد آباد کے قریب فوجی جوانوں نے ملیر ندی کاشگاف پر کر دیا۔ شارع فیصل پر نرسری کے قریب یونیورسٹی کی بس پانی میں پھنس گئی، مسافر کود کر کناروں تک پہنچے، ایم اے جناح روڈ پر سیکیورٹی کیلئے رکھے گئے کنٹنیرزبھی بہہ گئے۔

آئی آئی چندریگر روڈ بھی تالاب بن گئی، سندھ ہائی کورٹ اور پاسپورٹ آفس کے قریب سڑکوں پر گھٹنوں گھٹنوں پانی،گاڑیاں خراب ہوگئیں، لوگ کمر تک پانی میں منزل کی تلاش میں خوار ہوگئے۔

شہر میں بارش کا نصف صدی کا ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا، رواں ماہ اب تک 442 ملی میٹر بارش ہوچکی ہے، 53 سال پہلے جولائی 1967 میں کراچی میں 429 ملی میٹر بارش ہوئی تھی۔ خیال رہے کہ کراچی میں بارش کا سلسلہ جمعرات کی صبح شروع ہوا جو وقفے وقفے سے دن بھر جاری رہا۔

کلفٹن، پنجاب چورنگی، کے پی ٹی، مہران، ناظم آباد، لیاقت آباد اور ڈرگ روڈ انڈر پاسز میں پانی بھر گیا جس سے انڈرپاسز کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ کراچی میں کرنٹ لگنے اور ڈوبنے کے واقعات میں 3 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ریسکیو ذرائع کےمطابق دو افراد ڈوب کر جاں بحق ہوئے اور ایک شخص کو کرنٹ لگا۔ شہر میں بارش کے باعث کے الیکٹرک کے متعدد فیڈرز ٹرپ گئے جس سے شہر کا بڑا حصہ بجلی سے محروم ہے۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button