پشاور میں چار سال بعد پولیو کا پہلا کیس سامنے آ گیا
صوبائی دارالحکومت پشاور میں پولیو وائرس کا ایک نیا کیس سامنے آ گیا جہاں ایک ساڑھے چار سالہ بچے میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
ایمرجنسی آپریشن سنٹر (ای او سی) کے مطابق یہ چار سالوں کے دوران پشاور میں پولیو کا پہلا کیس ہے، پشاور میں پولیو کا آخری کیس 2016 میں رپوٹ ہوا تھا۔
ای او سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پولیو کا نیا کیس پشاور کے علاقے سفید ڈھیری سے سامنے آیا ہے، متاثرہ بچوں کے نمونے 13 جولائی کو لٹسٹ کے لئے لیبارٹری کو بھجوائے گئے تھے، سفید ڈھیری کے 56 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی۔
بیان میں کہا گیا کہ 2020ء میں خیبر پختونخوا میں پولیو کیسز کی تعداد 22 ہو گئی ہے جبکہ نیا کیس سامنے آنے کے بعد سال رواں میں ملک بھر میں پولیو کیسز کی تعداد 61 ہو گئی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل جون میں خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع بنوں میں رواں سال پولیو کا پہلا کیس سامنے آنے کے بعد صوبہ کے 5 اضلاع میں تعداد 20 جبکہ ملک بھر کے 23 اضلاع میں تعداد 48 ہو گئی تھی۔
یہ بھی یاد رہے کہ 24 جون کو جنوبی وزیرستان میں ای پی آئی پراجیکٹ کے کنٹریکٹ ملازمین نے تنخواہوں کی بندش کیخلاف اور اپنی سروس کی مستقلی کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا تھا اور پولیو مہم کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔