میاں افتخار حسین کے بڑے بھائی کورونا وائرس سے جاں بحق
عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میاں افتخار حسین کے بھائی میاں سریرحسین کورونا وائرس کا شکار ہوکر انتقال کر گئے ہیں, میاں سریرحسین دو دن سے اسلام آباد کے آئی سی یو وارڈ میں زیرعلاج تھے۔
میاں افتخار حسین نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں بھائی کی موت کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ میاں حسین کورونا وائرس کا شکار تھے اور اسلام آباد ہسپتال کے آئی سی یو وارڈ میں دو دن سے زیرعلاج تھے۔
میاں افتخار حسین کے مطابق اپنے بھائی اور عوام کے ساتھ میل جول کی وجہ سے ان کا اپنا کورونا وائرس ٹیسٹ بھی 8 مئی کو مثبت آچکا ہے اور انہوں نے خود کو گھر پر آئیسولیٹ کیا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی طبیعت پہلے سے بہتر ہے تاہم عوام سے دعاؤں کی اپیل ہے۔
واضح رہے کہ 8 مئی کو عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین نے کہا تھا کہ ایم پی اے حاجی بہادرخان ان کے بیٹے عبدالرشید خان نواسہ عبدالواجد خان اور بخت بیدارجان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر ان کو گھر پر ہی قرنطینہ کیا گیا ہے۔
میاں سریر حسین کی نماز جنازہ میں میاں افتخار حسین سمیت پارٹی کارکنوں اور عوام نے شرکت کی جبکہ حکومت کے جاری کردہ ایس او پیز کے مطابق ٹی ایم اے پبی کے عملے نے تدفین کی۔
ننمائندہ ٹی این این کے مطابق میاں افتخار حسین کے بڑے بھائی میاں محمد سریر کے جنازے میں میاں افتخار حسین کی طبیعت اچانک بگڑ گی جس پر انہیں نیم بے ہوشی حالت میں حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کردیاگیا۔
میاں افتخار حسین کے خاندانی اور پارٹی زرائع کے مطابق میاں افتخار حسین اس وقت وہ کسی سے بھی مل نہیں سکتے، بھائی کی رسم قل بھی منسوخ کردی گئی ہے۔
اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر نوشہرہ نے کہا ہے کہ میاں افتخار حسین کو حیات آباد میڈیکل کمپلکس پشاور منتقل کیا گیا ہے، ان کے دیگر رشتہ داران،پولیس سیکورٹی کے فرائض سرانجام دینے والے اہلکاروں سمیت قریبی انے جانے والوں کے کورونا ٹیسٹ بھی کئے جائیں گے۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز عوامی نیشنل پارٹی کے بزرگ رہنما حاجی غلام احمد بلور بھی کورونا وائرس کا شکار ہوئے تھے،
رکن صوبائی اسمبلی ثمر بلور کے مطابق حاجی غلام احمد بلور کی طبیعت 2 روز سے خراب تھی، علامات ظاہر ہونے پر بزرگ سیاستدان کا کورونا ٹیسٹ کروایا گیا جو مثبت آ گیا۔
خیال رہے کہ 17 مئی کو شائع رپورٹس کے مطابق کورونا وائرس کے مزید چار مریض جاں بحق ہوئے تھے جس کے بعد نوشہرہ میں کورونا وائرس سے جاں بحق مریضوں کی تعداد 17 ہو گئی تھی۔ محمد سریر کی وفات کے ساتھ ضلع میں یہ تعداد 18 ہو گئی ہے۔
دوسری جانب محمد سریر کی وفات پر عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیارولی خان ،صوبائی صدر ایمل ولی خان اور صوبائی جنرل سیکرٹری سردارحسین بابک ، کابینہ اراکین اور دیگر رہنمائوں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں پوری پارٹی لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے، اللہ تعالیٰ میاں محمد سریر کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔، میاں افتخارحسین ایک مضبوط اعصاب کے مالک اور پشتون قوم کا افتخار ہے جنہوں نے دہشتگردوں کے خلاف سینہ سپر ہوکر جنگ لڑی اور جیتی لیکن قربانیاں بھی دی۔
اے این پی رہنماؤں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے کسی بھی تقریب میں جانے سے گریز کریں کیونکہ میل جول سے ہی کورونا وائرس پھیلتا ہے لہٰذا اپنے آپ اور خاندان والوں کو بچانے کیلئے واحد راستہ احتیاط ہے۔