ایون کے محبوب اعظم کا باغ، فردوس بریں ہے اور بہ روئے زمیں ہے!
گل حماد فاروقی
ایون چترال کی وہ خوبصورت وادی ہے جسے قدرت نے بے انتہاء خوبصورتی بخشی ہے مگر جس میں علاقے کے باذوق لوگوں نے بھی اپنے تئیں اضافہ کیا ہوا ہے۔ ایون کے ہر دوسرے گھر میں پھولوں کا باغ ضرور پایا جاتا ہے جس میں مختلف اقسام، و انواع اور رنگ برنگے پھول پائے جاتے ہیں۔ یوں لگتا ہے کہ یہاں کے لوگوں کا آپس میں کسی اور چیز سے نہیں بلکہ پھولوں کے باغوں کا مقابلہ رہتا ہے یہی وجہ ہے کہ اس وادی میں ایک سے بڑھ کر ایک خوبصورت پھولوں کا باغ ضرور دیکھنے کو ملتا ہے۔
مگر ان سب میں حاجی محبوب اعظم کے گھر میں جو باغ ہے اس کی بات کچھ اور ہے، اس خوبصورت باغ میں ایک ایک پھول کی کئی اقسام اور رنگ موجود ہیں۔ صرف گلاب کی بیس سے زیادہ اقسام پائی جاتی ہیں۔ یہ جاذب نظر پھول سیاحوں کو اپنی طرف کھینچنے مجبور کرتے ہیں۔
اس باغ کی رکھوالی کیلئے محبوب اعظم نے حصوصی طور پر پشاور سے ایک پیشہ ور اور تجربہ کار مالی فداء حسین کو بلایا ہے جو ان پھولوں کی دیکھ بال کرتا ہے۔
اس کے مطابق اس خوبصورت باغ میں گلاب، جلیبن، ڈاگ فلاؤر کی محتلف اقسام، پینزی، پیٹونیا، اس کے علاوہ اس میں فروٹ کے پودے بھی پائے جاتے ہیں جن میں سر فہرست مالٹا، چیری، فروٹر، لیمو، ناشپاتی اور دیگر کئی قسم کے پھلدار درخت بھی پائے جاتے ہیں۔
فداء حسین کا کہنا ہے کہ جب بھی کوئی سیاح آیون آتا ہے وہ ضرور اس خوبصورت باغ کو دیکھنے کیلئے یہاں آتا ہے اور یہاں تصویریں اتارتا ہے۔ اس باغ میں خصوصی طور پر پھولوں کو ایک حاص تربیت سے لگائے گئے ہیں جن میں ہر کیٹگری کے پھول اپنے اپنے کیاری میں لگے ہیں جو نہایت اچھے لگتے ہیں۔
نفسا نفسی اور پریشانی کے اس دور میں انسان جب اس خوبصورت باغ کو دیکھنے کیلئے آتا ہے تو دنیا و ما فیہا کا غم بھلاکر چند لمحوں کیلئے سکون کی زندگی گزارتا ہے اور اس قدرتی حسن کو دیکھ کر انسان تازہ دم رہتا ہے جس سے وہ ذہنی اور جسمانی طور پر وہ صحت مند ہوکر محتلف بیماریوں سے بچ جاتا ہے۔
واضح رہے کہ اس باغ کی خاص بات یہ ہے کہ یہاں پانی کیلئے نالہ اور آبشار نما جگہ بنائی گئی ہے جہاں سے پانی جب گرتا ہے تو اس کی اپنی ہی ایک خاص موسیقی پیدا ہوتی ہے۔ اس محل نما گھر کی خوبصورتی میں اس باغ نے مزید اضافہ کیا ہوا ہے جس میں زیادہ تر پھول باہر سے منگوائے گئے ہیں۔
اسی باغ کیلئے شائد کسی شاعر نے یہ شعر پڑھا تھا کہ
اگر فردوس بریں بہ روئے زمین است
ہمیں است و ہمیں است و ہمیں است