خیبر پختونخوا

خیبر پختونخوا، کورونا سے مزید 14 مریضوں کا انتقال، ایدھی کا پہلا رضاکار بھی جاں بحق

خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے مزید 14 مریض جاں بحق ہو گئے جس کے ساتھ صوبے میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد 305 ہو گئی۔

محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 169 نئےکیسز رپورٹ ہوئے جس کے ساتھ صوبہ میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 5ہزار 847 ہو گئی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ کرونا وائرس سے نئے 86 مریض صحت یاب ہوئے، اب تک متاثرہ 1 ہزار 699 مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق پشاور میں آج سات اموات رپورٹ ہوئیں، کورونا وائرس کی وجہ سے پشاور میں اب تک 179 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

دوسری جانب نوشہرہ کے ایدھی ایمبولینس ڈرائیور کورونا وائرس سے جاں بحق ہوئے، ڈپٹی کمشنر نوشہرہ شاھد علی خان کے مطابق ایدھی ڈرائیور فرید گل سکنہ کڑوی پشاور لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں کورونا سے جنگ لڑتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا، خیبر پختونخوا اور نوشہرہ میں پہلا ایدھی رضاکار ہے جو کورونا سے جابحق ہوا ہے، ضلع میں اب تک کورونا سے دو خواتین سمیت 13 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق پاکستان ٹوبیکو کمپنی اکوڑہ خٹک کے 845 ملازمین کے ٹسٹ سمپل لئے گئے تھے جن میں 220 ملازمین کے کورونا ٹیسٹ پازیٹو جبکہ 625 ملازمین کے کورونا ٹیسٹ منفی آئے ہیں، متاثرہ ملازمین مزدووں کو گورنمنٹ پولی ٹیکنیکل کالج کھنڈر کے قرنطینہ سنٹرز جبکہ زیادہ تر ملازمین کو ان کے گھروں میں قرنطین کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت کی مشاورت سے پاکستان ٹوبیکو کمپنی اکوڑہ خٹک کے تمام ملازمین اور افسران کے کورونا ٹیسٹ سرکاری لیبارٹری سے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اسی طرح مردان میں کرونا وائرس سے ایک اور شخص جاں بحق جبکہ مزید 21 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو گئی۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ایک شخص کرونا وائرس سے جاں بحق ہو گیا جس کے ساتھ اب تک جاں بحق افراد کی تعداد 23 ہو گئی جبکہ لیبارٹری سے موصول ہونے والے ٹیسٹ کے نتیجوں میں مزید 21 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے ساتھ کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 329 ہو گئی، 27 افراد کے ٹیسٹ نیگیٹو موصول ہوئے، اب تک کل 948 ٹیسٹ نیگیٹو موصول ہوئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ضلع مردان میں مزید 42 افراد سے کرونا وائرس کی تشخیص کے لئے ٹیسٹ کے نمونے لیبارٹری بھیج دیئے گئے جس کے ساتھ 224 افراد کے ٹیسٹ کے نتائج آنا باقی ہیں، اس وقت قرنطینہ سنٹر میں 2 جبکہ آئسولیشن وارڈز میں 56 افراد زیرعلاج ہیں۔

اسی طرح لوئر دیر کے فوکل پرسن ڈاکٹر ارشاد کے مطابق ضلع میں صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 101 ہو گئی ہے،  کورونا سے متاثرہ مریضوں کی کل تعداد 183 جبکہ مشتبہ مریضوں کی تعداد 1124 ہے، قرنطینہ مراکز میں 6 افراد مقیم جبکہ آئسولیشن وارڈز میں 16 داخل ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button