‘اہل اور منتخب ہونے کے باوجود ہزاروں افراد احساس ریلیف پروگرام سے محروم رہ گئے’
قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاو نے کہا ہے کہ اہل اور منتخب ہونے کے باوجود ہزاروں افراد احساس ریلیف پروگرام سے محروم رہ گئے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ پی ٹی آئی نے اس پروگرام کے تحت اپنے چہیتوں کونوازا ہے۔
وطن کور پشاور سے جاری ہونے والے ایک پریس ریلیز میں انھوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا غریب دیہاڑی دار اور روزمرہ اجرت پر کام کرنے والا طبقہ کو احساس ریلیف پروگرام میں بھی نظر انداز کردیا گیاجو نہ صرف حکومت کی غریب کش پالیسیوں کی عکاسی کرتا ہے بلکہ حکمرانوں نے اپنے لوگوں کو نوازنے میں غریب لوگوں کے حق کو دبا دیا۔
ملک بھر میں لاک ڈاؤن کی بدولت غریب دیہاڑی دارطبقہ شدید متاثر ہوا اور وہ دو وقت کی روٹی کیلئے ترس رہا ہے انہوں نے کہا کہ ایک طرف احساس ریلیف پروگرام کے سخت شرائظ اور مشکل طریقہ اندراج کی وجہ سے ہزاروں مستحقین محروم رہ گئے تو دوسری طرف حکومت کی پسند ناپسند نے رہی سہی کسر پوری کردی اور اب وزیراعظم کہہ رہے ہیں کہ حکومت تمام متاثرین کو پیسے نہیں دے سکتی۔
انہوں نے کہا کہ حکمران حیلوں بہانوں اور مکروفریب سے کام لینے کی بجائے اپنی شاہ خرچیاںاورغیر ترقیاتی اخراجات ختم کرکے یہ رقم ملک کے غریب طبقات کی بہبود کیلئے بروئے کار لائے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ سنگین صورتحال کا تقاضا ہے کہ حکومت ریلیف اور امدادی سرگرمیوں میں ملک کے غریب اور نادار طبقات کی مشکلات کے ازالہ کیلئے بلاامتیاز اور سیاست سے بالاتر ہوکر اقدامات اٹھائے۔