خیبر پختونخوا

ڈی آئی خان: منڈران کلاں کے ڈاکخانے میں دوبارہ پنشن کی ادائیگی بحال

ممانڑہ آفریدی

سماجی حلقوں کی جدوجہد رنگ لے آئی، ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے منڈران کلاں میں ڈاکخانے میں پینشن کی ادائیگی کا عمل دوبارہ بحال کردیا گیا جس سے اب ریٹائیرڈ ملازمین کو پینشن وصول کرنے کےلئے ڈیرہ اسماعیل خان جانے کی ضرورت نہیں ہے۔

منڈران کلاں کا پوسٹ آفس موجودہ عمارت کی خستہ حالی کے باعث بند کردیا گیا تھا جس کی وجہ سے ضیعف العمر ریٹائیرڈ ملازمین کو پنشن وصول کرنے کےلئے ڈیرہ اسماعیل خان جانا پڑتا تھا تاہم سماجی حلقوں اور بلدیاتی نمائندوں کے تعاون سے ڈاک خانے کی عمارت کی مرمت مکمل ہونے کے بعد مذکورہ پوسٹ آفس سے پینشن کی ادائیگی کا عمل دوبارہ شروع کردیا گیا ہے جس سے عوام کی مشکلات میں کافی حد تک کمی واقع ہوئی ہے۔

منڈران کلاں کی رہائشی 20 سالہ ایمن نے بتایا کہ انہیں والدہ کی پینشن کےلئے ڈی آئی خان جانا پڑتا تھا جس کے باعث انہیں کالج سے چھٹی کرنا پڑتی تھی، ڈاک خانے میں پینشن کی ادائیگی کا عمل دوبارہ شروع ہونے سے ان کا وقت اور پیسہ دونوں بچیں گے۔

مذکورہ ڈاک خانہ 1972 میں قائم ہوا تھا تاہم فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث اس کی عمارت خستہ حالی کا شکار ہوگی تھی، ڈاک خانہ کا مٹی سے بنا واحد کمرہ کسی بھی وقت حادثے کا سبب بن سکتا تھا جس کے باعث اسے بند کرنا پڑا تھا۔

سماجی تنظیم سرو آرگنائزیشن کی رکن روبینہ قمر نے بتایا کہ سابق ناظم ویلج کونسل نے ڈاک خانے کی عمارت کی بحالی کےلئے 65 ہزار روپے دیئے جبکہ باقی رقم کا بندوبست ان کی تنظیم نے عمر اصغر خان فاونڈیشن کی معاونت سے کیااور عمارت بحال کرائی، پوسٹ افس حکام نے سماجی حلقوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ڈاک خانے کی بحالی سے نہ صرف عوام کو سہولت میسر ہوئی ہے بلکہ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوئے ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button