افغانستان سے آنے والے 23 پاکستانیوں میں کورونا وائرس کی تصدیق
افغانستان سے پچھلے دو دنوں میں آنے والے 108 افراد کے لیبارٹری ٹیسٹس کئے گئے ہیں جن میں 23 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔
افغانستان میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی 17 اپریل کو براستہ طورخم شروع ہوئی ہے جن کو ضلع خیبر کے لنڈی کوتل اور جمرود کے قرنطینہ مراکز میں ٹہرایا جا رہا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق پہلے دو دنوں میں 700 تک افراد واپس آئے تھے جن میں 108 افراد کے ٹیسٹس کرائے گئے ہیں جبکہ دیگر کے بھی کرائے جا رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر محمود اسلم کا کہنا ہے کہ متاثرہ افراد ٹرانسپورٹرز ہیں جن کا تعلق ملک کے مختلف علاقوں سے ہیں۔
خیال رہے کہ افغانستان میں سینکڑوں پاکستانی کئی دنوں سے پھنسے ہوئے تھیں۔ گزشتہ ہفتے پاکستان سے افغان مہاجرین کو واپس جانے کی اجازت ملنے کے بعد سرحد پار پاکستانیوں نے بھی مطالبہ کیا تھا کہ ان کو بھی جانے کی اجازت دی جائے ورنہ وہ بارڈر پر احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے جس کے پیش نظر طورخم بارڈر پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے۔
یاد رہے کہ 16 اپریل کو حکومت نے افغانستان میں پھنسے پاکستانیوں کو رواں ہفتے وطن واپس لانے کا فیصلہ کیا تھا اور یہ طے کیا گیا تھا کہ وطن واپسی پر مسافروں کو 7 دن قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔