مردان میں کورونا کا ایک اور مریض جاں بحق، صوبے میں مجموعی تعداد 32 ہو گئی
خیبر پختونخوا کے ضلع مردان میں کورونا وائرس سے متاثرہ ایک اور مریض جاں بحق ہو گیا جس کے ساتھ ضلع میں ہلاکتوں کی تعداد 3، صوبے میں 32 جبکہ ملک میں اموات کی مجموعی تعداد 89 ہو گئی۔
نمائندہ ٹی این این کے مطابق بغدادہ حاجی کورونہ کے شاہ نواز نامی 65 سالہ رہائشی کورونا ٹیسٹ پازیٹیو آنے کے بعد CMH آئیسولیشن میں زیر علاج تھا جس کی آج موت واقع ہو گئی۔
میت کی اطلاع موصول ہونے پر ریسکیو 1122 کی ٹیم CMH پہنچی اور میت حفاظتی اقدامات اپناتے ہوئے جناز گاہ منتقل کر دی جہاں اس کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔
ریسکیو 1122 ٹیم نے لواحقین کی موجودگی میں قبرستان میں سپرد خاک کر دیا۔
یادرہے کہ مردان میں اب تک کروناوائرس سے ایک افغانی باشندے سمیت تین بندے جاں بحق ہو گئے ہیں جبکہ 99 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
اس سے قبل پاکستان میں کورونا سے مزید دو افراد جاں بحق ہوئے جس کے ساتھ ہلاکتیں 88 ہو گئی تھیں جبکہ 149 نئے کیسز کے ساتھ متاثرہ مریضوں کی تعداد 5185 ہو گئی تھی۔
تفصیلات کے مطابق اتوار کو ملک میں اب تک 149 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے سندھ میں 93، پنجاب میں 39، گلگت بلتستان میں 8، آزاد کشمیر میں 6، بلوچستان میں 2 اور اسلام آباد میں ایک کیس سامنے آیا، نئے کیسز سامنے آنے کے بعد ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد 5185 ہو گئی ہے۔
سندھ میں کورونا وائرس کے باعث مزید دو افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد صوبے میں جاں بحق افراد کی تعداد 30 ہو گئی ہے، مزید 93 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 1411 ہو گئی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر مرتضیٰ وہاب کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں 2 ہلاکتوں اور 93 کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 18 افراد صحتیاب ہو کر گھروں کو بھی جا چکے ہیں۔
مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ اب تک 389 افراد صحت یاب ہو کر اپنے گھروں کو جا چکے ہیں۔سندھ میں گزشتہ روز بھی 6 ہلاکتیں اور 104 کیسز رپورٹ ہوئے تھے جس پر وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے تشویش کا اظہار کیا تھا۔
پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈپارٹمنٹ پنجاب کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صوبے میں مزید 39 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 2464 ہو گئی ہے۔
پنجاب میں ہفتے کے روز بھی کورونا وائرس کے 89 کیسز اور 3 ہلاکتیں سامنے آئی تھیں، صوبے میں وائرس سے اموات کی تعداد 21 ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے سوشل میڈیا بیان کے ذریعے بتایا کہ جہاں پاکستان کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں مصروف ہے وہیں ڈی جی خان سے ایک اچھی خبر بھی ہے۔
عثمان بزدار نے بتایا کہ 775 زائرین بشمول 175 وہ جن کے ابتدائی ٹیسٹ مثبت آئے تھے مکمل طور پر صحت یاب ہو کر اپنے گھروں کو جا چکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ڈی جی خان قرنطینہ مرکز میں صرف 74 زائرین باقی رہ گئے ہیں جن کا ہر طرح سے خیال رکھا جا رہا ہے،اس کے علاوہ پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی کورونا وائرس سے متاثرہ 39 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے مزید 6 کیسز سامنے آئے جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 40 ہو گئی ہے۔وزیراطلاعات آزاد کشمیر مشتاق منہاس نے ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ آزاد کشمیر میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 40 تک جاپہنچی ہے۔
گزشتہ روز بھی آزاد کشمیر میں ایک 4 سال کی بچی میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جس کی تصدیق وزیر صحت نے کی تھی۔واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 24 مارچ سے تین ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن ہے۔
خیبر پختونخوا میں ہفتے کو 41 نئے کیسز اور 6 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں جس کے بعد صوبے میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 697 اور ہلاکتیں 31 ہوگئی ہیں۔صوبائی وزیر صحت تیمور خان جھگڑا نے بھی کے پی میں ہلاکتوں اور نئے کیسز کی تصدیق کی۔
تیمور خان نے بتایا کہ صوبے میں اب تک 142 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔بلوچستان میں بھی مزید 2 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 230 ہوگئی ہے۔
ترجمان صوبائی حکومت لیاقت شاہوانی نے بتایا کہ نئے کیسز کی تصدیق کے بعد مقامی سطح پر کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 82 ہوگئی۔
انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں اب تک کورونا سے 2 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں ،اب تک 119 متاثرہ افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:
شوکت خانم میں کورونا ٹیسٹ کی فیس 9 ہزار، کیا یہ حقیقت ہے؟
‘واپس آنے والے پاکستانیوں کو 14 روز قرنطینہ میں لازمی گزارنا ہوں گے’
80 جاں بحق: کورونا کے وار، مرغوں کی لڑائی اور والی بال میچز ایک ساتھ جاری
وفاقی دارالحکومت میں ایک نیا کیس رپورٹ ہوا ہے جس کے بعد اسلام آباد میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 119 ہو گئی ہے۔
جمعے اور ہفتے کو اسلام آباد میں کورونا وائرس کا کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا تھا البتہ جمعرات کو کورونا کے 35 کیسز سامنے آئے تھے۔ وفاقی دارالحکومت میں اب تک کورونا سے ایک مریض کا انتقال ہوا ہے۔
گلگت بلتستان میں اتوار کو مزید 8 کیسز سامنے آئے جس کے بعد علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 224 ہو گئی ہے۔گلگت میں مہلک وائرس سے متاثرہ 149 مریض صحت یاب بھی ہوچکے ہیں، 3 افراد وفات پاچکے ہیں۔
خیال رہے کہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں وائرس کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر اسامہ بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب پاکستان میں جہاں ایک طرف کورونا وائرس کے متاثرین میں اضافہ ہو رہا ہے وہاں دوسری طرف اس مرض سے صحتیابی کی شرح بھی 20 فیصد تک پہنچ گئی ہے جسے خوش آئند سمجھا جا رہا ہے۔
ورلڈ بینک نے پاکستان میں کورونا وائرس کی وجہ سے معاشی بحران کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
ورلڈ بینک اپنی نئی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے پاکستان، بھارت سمیت جنوبی ایشیاء کے 8 ملکوں میں شرح ترقی 40 سال کی بدترین پستی پر جانے کا خدشہ ہے۔