خیبرپختونخوا کے 231 سکول قرنطینہ سینٹرز میں تبدیل
خیبرپختونخوا میں 231 سکولوں کو قرنطینہ سینٹرز میں تبدیل کردیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق صوبے کے 35 اضلاع میں مختلف سکولوں کو قرنطینہ سینٹرز میں تبدیل کردیا گیا ہے جس میں سے لڑکوں کے 133 اور لڑکیوں کے 98 سکول شامل ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ سب سے زیادہ چارسدہ میں لڑکوں کے سکولوں کو قرنطینہ سینٹر قرار دیا گیا جب کہ صوابی میں 25 گرلز سکول قرنطینہ سینٹرز میں تبدیل کیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ دیر لوئر میں لڑکوں کے 31 سکولوں کو قرنطینہ کے لیے مقرر کیا گیا جب کہ مہمند میں 15 گرلز سکول قرنطینہ کے لیے استعمال کیے جارہے ہیں۔
خیال رہے کہ 2 روز قبل خیبر پختونخوا حکومت نے کورونا وائرس کے روک تھام کے سلسلے میں صوبے بھر کے تعلیمی اداروں کی بھی چھٹیوں میں مزید توسیع کی ہے۔
خیبر پختونخوا سے کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 180 ہوگئی ہے جس میں سے 2 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں جب کہ صوبے میں اب تک اموات کی تعداد 3 ہے۔