خیبر پختونخوا

کورونا وائرس: خیبرپختونخوا میں قیدیوں کی سزا میں کمی کا اعلان

 

خیبر پختونخوا کے وزیر اعلی محمود خان نے کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر قیدیوں کی سزا میں کمی کا اعلان کردیا۔ وزیر اعلیٰ نے صوبہ بھر کی جیلوں میں قیدیوں کی سزا میں 2 ماہ کم کرنے کی ہدایت جاری کردی۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس وبا کی شکل اختیار کر گیا ہے، عوام کے ساتھ قیدیوں کو بھی ریلیف دیں گے جبکہ سزائیں کم ہونے سے بیشتر قیدیوں کو رہائی مل جائے گی۔ وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے جیل خانہ جات تاج محمد کا کہنا تھا کہ فیصلے کا اطلاق دہشت گردی کے واقعات میں سزا یافتہ قیدیوں پر نہیں ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ فیصلہ انسانی ہمدردی کے تحت کیا گیا ہے جس کا اعلامیہ تمام جیلوں کو آج مل جائے گا۔ تاج محمد نے کہا کہ رہائی پانے والے قیدیوں کی اعداد و شمار جلد مکمل کیے جائیں گے۔

خیال رہے کہ دسمبر 2019 میں چین کے شہر ووہان سے شروع ہونے والا کووڈ 19 (نوول کورونا وائرس) دنیا کے تقریبا 156 ممالک تک پھیل چکا ہے اور اس سے دنیا بھر میں ایک لاکھ 56 ہزار 400 سے زائد افراد متاثر ہوئے۔

واضح رہے کہ پاکستان بھر میں اب تک کورونا وائرس کے 184 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے جن میں سے سب سے زیادہ 150 کا تعلق سندھ سے ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button