خیبر پختونخوا

نوشہرہ میں شجرکاری مہم کا افتتاح، ایک ہی دن میں دس ہزار پودے لگا دیئے گئے

خیبر پختونخوا کے وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے جلوزئی ہاوسنگ سکیم نوشہرہ میں پودا لگا کر شجر کاری مہم کا افتتاح کر لیا، شجر کاری مہم میں محکمہ ہاؤسنگ کے تقریباً تین سو اہلکاروں نے حصہ لیا اور ایک ہی دن میں دس ہزار پودے لگانے کا ہدف پورا کر لیا۔

اس موقع پر وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی کا کہنا تھا کہ کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے تحت صوبہ کو سربز بنانے کے لئے شجرکاری کا سلسلہ جاری ہے، محکمہ ہاؤسنگ کی جانب سے شجرکاری کے پہلے مرحلے میں جلوزئی ہاوسنگ سکیم میں دس ہزار پودوں کی شجرکاری کی گئی ہے جبکہ صوبہ بھر کی مختلف ہاؤسنگ سکیموں میں مجموعی طور پر 25 ہزار پودوں کی شجرکاری کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ درخت زندگی کی علامت ہیں، اس لئے ان کے کٹاؤ سے گریز اور شجرکاری پر توجہ دینی چاہئے، شجرکاری مہم کا مقصد عوام میں ماحول کے تحفظ کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے، بلین ٹری سونامی منصوبہ کے تحت صوبہ میں ایک ارب سے زیادہ پودے لگائے گئے جس سے صوبہ میں جنگلات کے رقبے میں واضح اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں ماحولیاتی آلودگی اور درختوں کے کٹاؤ کے باعث ماحولیاتی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں جن کے ماحول پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں جس کا مقابلہ کرنے کے لئے جنگلات کے رقبے میں اضافہ کرنا اب ناگزیر ہو چکا ہے۔

وزیر ہاؤسنگ کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے بچنے کے لئے صوبے میں زیادہ سے زیادہ شجرکاری کرنا ہو گی تاکہ صوبے کو مضر اثرات سے بچایا جا سکے، ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کو ایک بہتر اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لئے حکومت کے ساتھ شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہوگا۔

شجرکاری مہم میں رئیل اسٹیٹ کے نمائندوں نے بھی حصہ لیا اور ہاؤسنگ سکیم میں مزید پانچ ہزار پودے لگانے کا اعلان کیا، اس موقع پر صوبائی وزیر کو جلوزئی ہاؤسنگ سکیم کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔

صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ ہاؤسنگ سکیم پر تعمیراتی کام تقریباً مکمل کیا جا چکا ہے جبکہ سکیم کے لئے گرڈ سٹیشن کی تعمیر پر بہت جلد کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button