خیبر پختونخوا

ملازمین بغلگیر ہونے اور ہاتھ ملانے سے گریز کریں: پشاور ہائی کورٹ

 

پشاور ہائیکورٹ نے ملازمین کو کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ہدایات جاری کر دیں۔ رجسٹرار پشاور ہائیکورٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملازمین روایتی طریقے سے بغلگیر ہونے اور ہاتھ ملانے سے گریز کریں۔

دستاویز میں کہا گیا ہے کہ بخار یا کھانسی کا شکار ملازمین ماسک پہن کر آئیں اور ملازمین کی بائیو میٹرک حاضری عارضی طور پر روک دی جائے۔

ہائیکورٹ کے اعلامیے میں باتھ رومز میں کپڑوں کے تولیے کے بجائے ٹشو پیپر استعمال کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ پشاور ہائیکورٹ کے ملازمین کو روزانہ کی بنیاد پر نیا ماسک لگانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

پشاور ہائیکورٹ کے ملازمین کو صابن سے ہاتھ دھونے کی ہدایات جاری کی گئی ہے اور رجسٹرار پشاور ہائیکورٹ کی جانب سے جاری ہدایات نامہ عدالت کے مرکزی دروازے پر آویزاں کر دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ برس چین سے سامنے آنے والا کورونا وائرس اب تک پاکستان سمیت دنیا کے 60 ممالک میں پھیل چکا ہے اور اس موذی وبا سے 3 ہزار سے زائد اموات واقع ہو چکی ہیں۔

پاکستان میں بھی 4 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جن میں سے دو کراچی اور دو اسلام آباد میں زیر علاج ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button