کورونا وائرس، سرکاری دفاتر میں گلے ملنے، ہاتھ ملانے پر پابندی عائد
ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد خیبر پختونخوا حکومت نے سرکاری ملازمین کیلئے ہدایت نامہ جاری کر دیا جس کے تحت ملنے ملانے کے روایتی طریقوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
محکمہ ریلیف و آباد کاری کی جانب سے جاری ہدایت نامے کے مطابق تمام ملازمین کو بطریق احسن آگاہ کیا جائے کہ معانقے اور مصافحے (گلے ملنے یا ہاتھ ملانے) سے گریز کریں۔
ہدایت نامہ کے مطابق بائیومیٹرک حاضری پر تاحکم ثانی پابندی، سائیڈ ریلنگز (جنگلے) اور دروازوں کی کنڈیوں کو چھونے سے گریز کیا جائے اور دروازے ہلکے کھلے رکھے جائیں۔
سرکاری ملازمین کو یہ ہدایت بھی کی گئی کہ کمپیوٹر، فیکس اور کی بورڈ وغیرہ جیسی دیگر مشینوں یا آلات کے استعمال کے لئے ڈسپوزیبل دستانوں کا استعمال معمول بنائیں، زکام کی شکایت رکھنے والے ملازمین ماسک کا استعمال یقینی بنائیں اور اس ماسک کو ایک دن سے زیادہ استعمال نہ کیا جائے۔
ہدایت نامے کے مطابق تمام غسل خانوں سے ٹولیے ہٹا دیئےجائیں اور ان کی جگہ پیپر/کاغذ رکھے جائیں اور اگر کسی ملازم کو بخار/زکام کی شکایت ہو تو اسے سیدھا ہسپتال پہنچایا جائے، ہر تین سے چار گھنٹوں کے بعد صابن سے ہاتھ دھونا بھی ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
کورونا کا خدشہ، سعودی عرب میں عمرہ زائرین کے داخلے پر پابندی
چین میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 2 ہزار 718 ہو گئی
ہدایت نامے میں مزید کہا گیا کہ مزید ہدایات اگر ضروری ہوئیں تو جاری کی جائیں گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں کورونا وائرس کا پہلا کیس رپورٹ ہوا ہے جس کے بعد ملک بھر میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
دوسری جانب اس مہلک وائرس سے چین سمیت دنیا بھر میں اب تک 28 سو کے قریب افراد ہلاک جبکہ 80 ہزار سے زائد متاثر ہوئے ہیں۔
یہ بھی واضح رہے کہ عالمی ادارہ صحت نے اس حوالے سے پاکستانی عوام کی سہولت کی خاطر خیبر پختونخوا سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں لیبارٹریوں کے نام تجویز کئے ہیں جہاں سے کورونا وائرس کا ٹیسٹ ہوسکتا ہے۔