خیبر پختونخوا

پشاور، جرمن زبان اور جرمن اکیڈیمک ایکسچینچ پروگرام کے فروغ پر اتفاق

جامعہ پشاور اور جرمن سفارت خانہ تعلیمی تحقیقی و ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ میں مشترکہ طور پر کردار ادا کریں گے جس کیلئے بہت جلد جرمن سفیر کے جامعہ پشاور کے اگلے دورے پر حتمی روڈ میپ تشکیل دیا جائے گا۔

یہ اتفاق جرمن سفیر بیر نہارڈ شلاگ ہیگ اور جامعہ پشاور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد آصف خان کے درمیان ملاقات میں کیا گیا۔

اس موقع پر جرمن وفد میں پریس سیکرٹری کرسٹین رازنبرگ اور گوئٹے انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر سٹیفن ونکلر جبکہ جامعہ پشاور کی جانب سے پرو وائس چانسلر پروفیسر جوہر علی، پروفیسر حسین شھید، پروفیسر حزب اللہ اور میڈیا آفیسر علی عمران نے شرکت کی۔

اس موقع پر جرمن سفیر نے وی سی جامعہ پشاور کی جانب سے فیکلٹی کیلئے ڈاڈ سکالرشپ کی تجویز پر عمل درآمد کیلئے اتفاق کیا اور امید ظاہر کی کہ جلد اس پر پیش رفت کی جائے گی۔

اس موقع پر گوئٹے انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر سٹیفن ونکلر نے اپنے ادارے کی جانب سے جرمن زبان دانی کے متعلق آگاہ کیا اور پاکستان میں پچاس جرمن زبانی دانی کے اساتذہ کے الیمنائی نیٹ ورک کو جامعہ پشاور کیلئے کارآمد بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے آخر میں جامعہ پشاور کے وائس چانسلر نے جرمن سفیر کو اعزازی شیلڈ بھی پیش کی۔

واضح رہے کہ جرمن و فرانسیسی سفیر جامعہ پشاور کے ادارہ برائے امن و تنازعات میں پاک بھارت مصالحت و تناؤ میں کمی کے ماڈل پر مستقبل قریب میں مشترکہ سمپوزیم میں شرکت کریں گے۔

پاکستان میں تعینات جرمن سفیر بیر نہارڈ شلاگ ہیگ نے ادارہ برائے امن و تنازعات میں طلباء و فیکلٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا  کہ وہ جامعہ پشاور میں ادارہ پیس و کنفلیکٹ سٹیڈیز میں بہت جلد پاک بھارت تناؤ و مصالحتی ماڈل پر فرانسیسی سفیر مارک بیٹی کے ساتھ مل کر سمپوزیم کا انعقاد کریں گے جس کا مقصد فرانسیسی و جرمن کھلاؤ و بعد ازاں مصالحتی عمل کی دو سو سالہ تاریخ کے ماڈل پر مشترکہ خطاب کریں گے۔

اس موقع پر جرمن سفیر نے افغان امن عمل میں پارلیمان کی بالادستی، حقوق نسواں اور جمہوری رویوں کو امن عمل کی کامیابی میں اہم جزو قرار دیا، اس موقع پر انھوں نے پاکستان کی جانب سے افغان امن عمل کو کامیاب بنانے میں دلچسپی اور کردار کو سراہا۔

جرمن سفیر بیر نہارڈ شلاگ ہیگ نے اس موقع پر جامعہ پشاور کی نہ صرف صوبے کیلئے بلکہ پاکستان کیلئے خدمات کو سراہا اور کہا کہ سیکیورٹی و خطے کی بہتر ہوتی صورتحال کی بدولت تعلیمی ثقافتی اور تحقیقی سرگرمیوں کو بڑھانا چاہئے۔

اس موقع پر ڈائریکٹر ادارہ امن و تنازعات پروفیسر حسین شھید سہروردی نے جرمن سفیر کے حالیہ پنڈی کراچی ٹرین سفر کو سراہا اور کہا کہ وہ اہنے پیش رو سفیر مارٹن کوبلر کی طرح پاکستانی عوام کے قریب آسکیں گے۔

اس سے قبل ادارے کی جانب سے فیکلٹی رابعہ نے ادارہ کے متعلق جرمن وفد کو تفصیلی بریفنگ دی۔

جرمن سفیر کے خطاب کے بعد ادارہ امن و تنازعات کے طلبہ و طالبات وفد میں گھل مل گئے اور بیشتر طلبہ و طالبات نے سفیر کے ساتھ سلفیاں بھی لیں۔

اختتام پر جرمن سفیر اور گوئٹے انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button