"موجودہ ریٹ تمباکو کے کاشتکاروں کا معاشی قتل ہے”
ضلع صوابی کے کاشتکاران تمباکو نے موجودہ سال کے لئے تمباکو کا ریٹ فی کلو گرام 203 روپے یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بد ترین مہنگائی کی وجہ سے پاکستان ٹوبیکو بورڈ اور ٹوبیکو کمپنیوں کا مقرر کردہ ریٹ انتہائی کم اور کاشتکاروں کے ساتھ ظلم و زیادتی ہے جس کے خلاف ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔
اس سلسلے میں کاشتکار کوآرڈنیشن کونسل ضلع صوابی کے زیر اہتمام امن چوک صوابی میں احتجاجی کیمپ لگایا گیا جس میں کاشتکار کوآرڈینشن، کسان بورڈ، انجمن کاشتکاران کے نمائندوں اور کاشتکاران تمباکو نے شرکت کی۔
انہوں نے کہا کہ تمباکو کمپنیاں سی ایس آر کے مطابق تمباکو پیدا وار کے علاقوں میں تمباکو کے کاشتکاروں اور ان کے بچوں کے لئے تعلیم، صحت اور علاقائی ترقی کے لئے عملی کام کریں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ ریٹ پیداواری اخراجات سے انتہائی کم ہے کیونکہ شدید مہنگائی کی وجہ سے تمام اشیاء میں کئی سو فیصد اضافہ ہو چکا ہے جس کا اثر تمباکو کی کاسٹ آف پروڈکشن پر بھی پڑ رہا ہے اور 203 روپے فی کلو گرام جو ریٹ پی ٹی بی اور ٹوبیکو کمپنیوں نے مقرر کیا ہے یہ ہمیں کسی صورت منظور نہیں، یہ تمباکو کے کاشتکاروں کا معاشی قتل ہے۔
کاشتکاروں نے کہا کہ حکومت اور ٹوبیکو کمپنیاں اور پی ٹی بی ہمارے بچوں کے منہ سے نوالہ چھین رہے ہیں، اگر حکومت اور پی ٹی بی نے کاسٹ آف پروڈکشن کے تناسب سے تمباکو کے نرخ میں اضافہ نہ کیا تو پورے صوبے میں احتجاجی تحریک شروع کر دیں گے۔