قبائلی اضلاع

شمالی وزیرستان، آپریشن ضرب عضب کے دوران متاثرہ گاڑیوں کے ازالے کا مطالبہ

شمالی وزیرستان کے ٹرانسپورٹروں نے آپریشن ضرب عضب کے دوران متاثرہ گاڑیوں کے ازالے کا مطالبہ کردیا، آپریشن کے دوران ہزاروں ٹرانسپورٹروں کی گاڑیاں متاثر ہوئیں، ان گاڑیوں سے سینکڑوں خاندانوں کا روزگار وابستہ تھا، حکومت فوری طور پر سروے کرا کر ازالہ کرے۔

شمالی وزیر ستان کی تحصیل میر علی ہرمز اڈہ میں آل ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن شمالی وزیرستان کا جرگہ منعقد ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نور علی خان، محمد طارق وزیر اور محمد یاسین نے کہا کہ سال 2014 میں آپریشن ضرب عضب کے باعث ہم بے سر و سامانی کی حالت میں اپنے علاقوں کو چھوڑ کر نکلے تھے اور تقریباً تین سے چار سالوں تک ہم بنوں سمیت مختلف علاقوں میں رہائش پذیر رہے جس کی وجہ سے ہماری ہزاروں کی تعداد میں رہ جانے والی گاڑیاں کچھ آپریشن کے دوران جل گئیں تو کچھ گاڑیاں چوری یا گم ہو گئی تھیں جس کی وجہ سے ہمیں فی ٹرانسپورٹر لاکھوں روپے کا نقصان اُ ٹھانا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا ان گاڑیوں سے روزگار وابستہ تھا جس کے ذریعے سے ہم اپنے خاندانوں کی کفالت کیا کرتے تھے لیکن اب شمالی وزیر ستان واپسی اور بحالی پر اُن کے پاس کوئی ذریعہ معاش موجود نہیں ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ آپریشن مکمل ہونے کے بعد حکومت نے گھروں، دکانات اور دیگر مدوں میں متاثرین آپریشن کے نقصانات کے ازالے کیلئے فنڈز ریلیز کئے اور اُن متاثرین کو امدادی رقوم کی ادائیگی کی گئی لیکن ٹرانسپورٹروں کا نہ کوئی سروے کیا گیانہ ہی اُنہیں کسی قسم کی امداد کی گئی جس کی وجہ سے وہ تاحال بے روزگار اور کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button