لکی مروت سے پولیو کے چار نئے کیسز رپورٹ
خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں 4 نئے پولیو کیسز کی تصدیق ہوگئی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق 2 کیسز ٹرائبل سب ڈویژن بیٹنی، 1 اباخیل اور 1 کیس بخمل احمد زئی سے رپورٹ ہوا ہے۔
4 نئے کیسز کے بعد رواں سال ضلع میں پولیو کیسز کی تعداد 9 ہوگئی۔ نئے کیسز سامنے آنے سے رواں برس ملک بھرمیں پولیو کیسز کی تعداد 16 ہوگئی۔ خیال رہے کہ رواں ماہ کی 9 تاریخ کو بھی لکی مروت میں پولیو کے دو کیسز سامنے آئے تھے۔
خیال رہے کہ اس سامل یکم فروری کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے انکشاف کیا تھا کہ 2020 کی پہلی انسداد پولیو مہم کے دوران 2 لاکھ 37 ہزار افراد نے اپنے بچوں کو اس موذی مرض سے بچاؤ کے قطرے پلانے سے انکار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: لکی مروت میں پولیو کے بڑھتے کیسز، ذمہ دار کون؟
ڈاکٹر ظفر مرزا نے دعوی کیا تھا کہ پاکستان گزشتہ دو ہفتوں میں پولیو سے بچاؤ کی مہم میں بہتری آئی ہے، پولیو کیسز میں وقت کے ساتھ ساتھ کمی آئے گی۔
وفاقی وزیر صحت نے یہ بھی انکشاف کیا ہے گزشتہ سال اپریل میں 14 لاکھ سے زائد افراد نے اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے سے انکار کیا تھا۔
یاد رہے کہ 2017 میں صرف 8 اور 2018 میں پولیو کیسز 12 تک آجانے کے بعد پچھلے سال ایک دفعہ پھر اس میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے اور مجموعی تعداد 144 تک پہنچ گئی ہے جبکہ رواں برس بھی ابتدائی 45 دن میں 16 کیسز سامنے آئے ہیں۔