خیبر پختونخوا

ڈی آئی خان پر ٹڈی دل کا حملہ، مختلف علاقوں میں سپرے کا آغاز

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان محمد عمیر نے کہا ہے کہ تحصیل درابن کے مختلف علاقوں میں فصلوں پر ٹڈی دل کے حملے سے نمٹنے کیلئے بھرپور اقدامات کئے گئے ہیں، محکمہ زراعت کی 4 ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر ان علاقوں میں سپرے کر رہی ہیں، اس مشکل پر جلد مکمل طور پر قابو پالیا جائے گا، میلہ اسپان کے انعقاد سے جہاں لوگوں کو بہتر تفریحی مواقع میسر آتے ہیں وہاں ڈیرہ اسماعیل خان کی ثقافت بھی اجاگر ہوتی ہے.

اپنے دفتر میں جائزہ اجلاس سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ میلہ اسپان جو کہ ہر سال منعقد کیا جاتا ہے اس میں مختلف مقابلوں کے انعقاد کے ساتھ ساتھ دیگر تفریحی سرگرمیاں بھی شامل ہوتی ہیں جن میں کشتی (دودا)، کیٹل شو، سٹون لفٹنگ، کتا ریس، بیل گاڑی ریس، والی بال، گھڑ دوڑ، نیزہ بازی کے علاوہ جھومر، اتنڑ و دیگر روایتی و ثقافتی رقص شامل ہوتے ہیں جبکہ بسنت کے حوالے سے مختلف گلوکاروں کے پروگرامز بھی ترتیب دیئے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:

خیبر پختونخوا پر ٹڈی دل کا حملہ، غذائی قلت کا خدشہ

انہوں نے بتایا کہ ماضی کی طرح امسال بھی میلہ اسپان ماہ مارچ کے آخری عشرے میں منعقد کیا جائیگا جبکہ 23مارچ (یوم پاکستان) بھی میلے کے دوران منایا جائیگا۔

انہوں نے بتایا کہ تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن اور محکمہ سپورٹس کے زیر اہتمام میلے کے دوران 25 مختلف ایونٹس منعقد کئے جائیں گے جس میں مختلف سکولوں کے طلباء کی جانب سے تقاریر و مشاعرے کے مقابلے اور پی ٹی شوز بھی شامل ہوں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ میلے کے دوران مختلف محکموں کی جانب سے معلوماتی سٹالز بھی لگائے جائیں گے جس سے لوگوں کی آگاہی میں مزید اضافہ ہو گا.

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان نے کہا کہ میلہ اسپان جیسی تفریحی سرگرمیوں کا انعقاد خوش آئند بات ہے اور اس سے ثقافت کو بھی فروغ ملتا ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button