قبائلی اضلاع

قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان میں بھی صحت انصاف کارڈ کا اجراء

قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان میں بھی صحت انصاف کارڈ کا اجراء کر دیا گیا۔

وانا پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈیڈک چیئرمین اور ایم پی اے نصیر اللہ وزیر نے کہا کہ شمالی وزیرستان کے بعد ضلع جنوبی وزیرستان کے ہیڈکواٹر وانا میں بھی پی ٹی آئی حکومت نے عوام کے ساتھ اپنا وعدہ پورا کر کے دیرینہ مطالبہ حل کردیا، اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹر ہسپتال وانا میں ڈاکٹروں کی خالی آسامیوں پر جلد بھرتی کا عمل شروع کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی وزیرستان کے پسماندہ علاقوں میں نئے تین ٹائپ ڈی ہسپتال تعمیر کئے جائیں گے اور ساتھ ٹراما سنٹر کا قیام بھی جلد عمل میں لایا جائے گا، ان سہولیات کی بدولت عوام کو صحت فراہمی کے ساتھ روزگار کے مواقع بھی میسر ہوں گے، علاوہ ازیں وومن اینڈ چلڈرن ہسپتال قائم کرنے کیلئے سر توڑ کوشش کروں گا کیونکہ علاقے میں گائناکالوجسٹ اور دوسرے امراض کے سپیشلٹ ڈاکٹروں کی کمی کو شدت سے محسوس کیا جارہا ہے جو جلد صوبائی حکومت پوری کرے گی۔

نصیر اللہ وزیر نے کہا کہ بطور ڈسٹرکٹ ڈیویلپمنٹ ایڈوائزری کمیٹی (ڈیڈک) چیئرمین وزیرستان کے عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ ترجیحی اور ضروریات کی بنیاد پر ترقیاتی کاموں کو جال بچھایا جائے گا، اس سے جلد عوام کو ثمرات ان کی دہلیز پر مل جائیں گے۔

رکن صوبائی اسمبلی نے کہا کہ ان ترقیاتی منصوبوں میں کسی کی طرف داری نہیں کروں گا اور ہر کام میرٹ پر کرکے دکھاؤں گا۔

اس موقع پر انہوں نے وانا پریس کلب کے صحافیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہر وقت اور ہر موڑ پر وزیرستان کی خدمت کی اور مسئلے کو اجاگر کیا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button