خیبر پختونخواقبائلی اضلاع

باجوڑ میں افغان سرزمین سے داغے گئے مارٹر گولہ سے بچوں سمیت سات افراد جاں بحق

باجوڑ کے تحصیل سالارزئی کے سرحدی علاقہ میں افغانستان کے سرزمین سے فائر ہونے والا مارٹر گولہ ایک گھر پر گرا ہے جس سے چار بچوں سمیت سات افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

مقامی ڈی ایس پی گلزار خان نے دعویٰ کیا ہے کہ مارٹر گولہ آج شام افغانستان سے شرپسندوں نے فائر کیا ہے جو کہ بنگڑو باٹوار علاقہ میں فضل غنی نامی شخص کے گھر پر گرا ہے۔ واقعے کے وقت مرنے والے تمام افراد ایک ساتھ چائے پینے کے لئے بیٹھے ہوئے تھے۔

مقامی قبائل ترکھانی اور اتمانخیل کے مشران نے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے جبکہ عوام میں اس کے خلاف شدید اشتعال پایا جاتا ہے۔

حلقہ کے ممبر صوبائی اسمبلی انورزیب نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور وزیراعلی سے ملاقات میں متاثرہ خاندان کے لئے شہدا پیکج منظور کروایا ہے۔

انکا کہنا ہے کہ وزیراعلی محمود خان نے بھی غمزدہ خاندان کے دکھ درد میں شریک ہونے کی یقین دہانی کرائی ہے اور فی شہید پانچ لاکھ روپے امداد کا اعلان بھی کیا ہے۔

یاد رہے کہ چند پہلے قبائلی ضلع خیبر کے سرحد علاقے طورخم میں بھی افغانستان کی سرزمین داغے گئے دو مارٹر گولے ایف سی چیک پوسٹ کے قریب گرے تھے جس سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا تھا لیکن مقامی انتظامیہ نے واقعے کے بعد فوری طور پر طورخم بارڈر گیٹ کو ہر قسم آمد و رفت کے لئے بند کر دیا تھا۔

پاکستان کے دفتر خارجہ نے بھی اس واقعہ کو افغان حکام کے ساتھ اٹھایا تھا جس کے بعد بارڈر کو امد و رفت بحال کی گئی تھی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button